latest newsWorld

روزمرہ کے کاموں میں اے آئی ماڈلز کی کارکردگی انسانی معیار کے قریب پہنچ رہی ہے، اوپن اے آئی

سان فرانسسکو: اوپن اے آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈلز خریداری، بجٹ سازی اور دیگر روزمرہ کے کام انجام دینے میں انسانی صلاحیتوں کے برابر کارکردگی دکھانے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔

کمپنی نے ایک نئے اندرونی ٹول کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی روزمرہ زندگی سے متعلق مختلف کام کس حد تک درست طریقے سے انجام دے سکتی ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق اس کے جی پی ٹی 6 آسٹرا ماڈل نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے کمیونٹی رضاکاروں کی تیاری سے متعلق کام 98 فیصد، جبکہ ذیابیطس کے مریض کے لیے کھانے کا منصوبہ 90.4 فیصد درستگی کے ساتھ تیار کیا۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اوپن اے آئی کو میٹا، اینتھروپک اور گوگل جیسی کمپنیوں کی جانب سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔ یہ کمپنیاں ایسے اے آئی ایجنٹس تیار کر رہی ہیں جو حقیقی دنیا کے مختلف کام خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ دوسری جانب اے آئی ٹیکنالوجی کے تحفظ اور اس کے ممکنہ خطرات سے متعلق بھی ان کمپنیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

اوپن اے آئی نے اپنے نئے ٹول کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سودا سلف کی فہرست تیار کرنے، آن لائن فارم پُر کرنے اور دیگر روزمرہ امور کو کس حد تک درست طریقے سے مکمل کر سکتا ہے۔

کمپنی کی محقق جینی یانگ نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ چونکہ بڑی تعداد میں لوگ اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں، اس لیے کمپنی یہ جاننا چاہتی تھی کہ اے آئی چیٹ بوٹ مختلف کاموں میں انسانی ضروریات کو کس حد تک سمجھ سکتا ہے۔

ان کے مطابق تحقیق کا ایک مقصد یہ بھی معلوم کرنا تھا کہ اے آئی کن کاموں میں ابھی بہتر کارکردگی نہیں دکھا رہا اور اس ٹیکنالوجی کو لوگوں کے لیے مزید مفید کیسے بنایا جا سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے کمپنی نے 4 ہزار افراد سے سروے کیا، جن میں سے 100 صارفین کو ایسے مختلف کام تجویز کرنے کے لیے کہا گیا جو وہ اے آئی سے کروانا چاہتے تھے۔ اوپن اے آئی نے اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ صارفین اپنے تجویز کردہ کاموں کی نوعیت اور مقصد کو واضح طور پر سمجھ سکیں۔

کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 6 آسٹرا ماڈل نے روزمرہ کے کاموں سے متعلق مجموعی طور پر 80 فیصد کارکردگی کا اسکور حاصل کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button