latest newsPolitics

بانی پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا علم تھا، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی (ہم شہری): چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر نے انہیں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے سے آگاہ تھے، تاہم انہوں نے یہ نہیں کہا کہ اچھا ہوا صوبے کی حکومت ختم ہوگئی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 اپریل کے بعد بانی پی ٹی آئی سے پہلی ملاقات بیرسٹر سلمان صفدر کی ہوئی، جو خوش آئند ہے۔ 380 دن بعد ہونے والی اس ملاقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتیں بند ہونے کے باعث تناؤ پیدا ہوا ہے۔ کسی قیدی کو 15 دن تک اہل خانہ سے نہ ملوانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اگر ملاقاتیں ہوتی رہتیں تو صورت حال بہتر ہوتی اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی نوبت نہ آتی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کی اپنی بھی ضرورت تھی، تاہم اس دوران زیادہ سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔ سلمان صفدر بھی کوئی ایسی بات لے کر نہیں آئے جس سے سیاسی خبر بنتی۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی ایمرجنسی اور گورنر راج سے آگاہ تھے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے تمام ارکان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں۔ اگر ایسی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو اس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کی حمایت نہیں کی۔ ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ حکومت، فوج اور ریاست ہماری ہے، پہلے پاکستان اور پھر سیاست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرسیاسی بہنوں کا جیل میں ہونا وہ گناہ سمجھتے ہیں۔ ان کی درخواست پر نورین نیازی کو ایک دن مزید اسپتال میں رکھا گیا۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی اپنی جماعت اور سیاست ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بعض الفاظ استعمال نہ کرتے تو مناسب ہوتا، تاہم حکومتی نمائندوں نے جس انداز میں جواب دیا وہ بھی نامناسب تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button