امریکی مڈٹرم انتخابات: تکنیکی خرابی اور خراب موسم سے پولنگ متاثر

واشنگٹن: امریکا میں مڈٹرم انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا، تاہم مختلف ریاستوں میں ووٹرز کو تکنیکی خرابیوں اور خراب موسم کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ مشینیں تکنیکی خرابی کے باعث بیلٹ پیپرز قبول نہیں کر رہیں۔ پولنگ شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اسکینرز میں مسائل سامنے آنا شروع ہوگئے۔
نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے کہا ہے کہ ان کا دفتر اسکینرز کی خرابی کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور مسئلے کے حل کے لیے ریاستی اور مقامی الیکشن بورڈز سے رابطے میں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے ووٹرز کو یقین دہانی کرائی کہ ویسٹ چیسٹر کے شہری اپنے بیلٹ پیپرز دستی طور پر پُر کرکے پولنگ اسٹیشنز پر جمع کرا سکتے ہیں اور ان کے ووٹ شمار کیے جائیں گے۔
دوسری جانب امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور طوفان کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا ہے۔ فلوریڈا میں پیر کی رات اور منگل کو ہونے والی شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے باعث کم از کم 18 پولنگ اسٹیشنز دوسری جگہ منتقل کرنا پڑے۔
اوکلاہوما میں اتوار کو آنے والے بگولے نے ایک کمیونٹی سینٹر کو شدید نقصان پہنچایا، جہاں پولنگ اسٹیشن قائم کیا جانا تھا۔ اس کے نتیجے میں بھی پولنگ اسٹیشن کا مقام تبدیل کرنا پڑا۔
موسمی صورت حال کے پیش نظر یوٹاہ کے گورنر نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے سان جوآن کاؤنٹی کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت سیلابی پانی میں پھنسے ووٹرز الیکٹرانک طریقے سے بیلٹ پیپرز کی درخواست اور انہیں جمع کرا سکتے ہیں۔
ادھر ماہرین موسمیات نے وسطی امریکا سے مشرق کی جانب بڑھنے والے طوفانی نظام کے باعث منگل کو الاباما، ٹینیسی، آرکنساس اور مسیسیپی کے بعض علاقوں میں اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔



