لاہور میں 10 ماہ کے دوران خودکشی کے 112 واقعات رپورٹ

لاہور(عمران اسلم) شہر میں خودکشی کے واقعات پر قابو نہ پایا جا سکا، رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر 112 افراد نے اپنی زندگی ختم کرلی، جن میں 87 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں۔
ایدھی انفارمیشن بیورو لاہور کے ترجمان کے مطابق یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک خودکشی کے واقعات میں ماہانہ بنیادوں پر اعدادوشمار سامنے آئے۔ جنوری میں 14 افراد نے خودکشی کی، جن میں 11 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں، جبکہ فروری میں 12 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 11 مرد اور ایک خاتون جان سے گئے۔
مارچ میں خودکشی کے 6 واقعات پیش آئے، جن میں 5 مرد اور ایک خاتون شامل تھے۔ اپریل میں 10 افراد نے اپنی زندگی ختم کی، جن میں 9 مرد اور ایک خاتون تھی۔ مئی میں 13 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 11 مرد اور 2 خواتین شامل تھیں۔
ترجمان کے مطابق جون میں خودکشی کے 5 واقعات سامنے آئے، جن میں 4 مرد اور ایک خاتون شامل تھی۔ جولائی میں 14 افراد نے خودکشی کی، جن میں 8 مرد اور 6 خواتین تھیں۔ اگست میں 13 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 9 مرد اور 4 خواتین شامل تھیں، جبکہ ستمبر میں 12 افراد نے اپنی جان گنوائی، جن میں 9 مرد اور 3 خواتین تھیں۔
اکتوبر کے دوران خودکشی کے 13 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 10 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں۔
ایدھی ترجمان کے مطابق خودکشی کے واقعات کے پیچھے غربت، محبت میں ناکامی، گھریلو ناچاقی اور دیگر وجوہات کارفرما رہیں۔



