اے آئی کے دور میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو روایتی آؤٹ سورسنگ سے آگے بڑھنا ہوگا، ماہرین

کراچی: آئی ٹی انڈسٹری کے ماہرین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے باعث روایتی کوڈنگ اور دستی کوالٹی ایشورنس کی اہمیت کم ہونے کے پیش نظر پاکستانی آئی ٹی برآمد کنندگان کو کم منافع اور فی گھنٹہ معاوضے پر مبنی آؤٹ سورسنگ کے بجائے اعلیٰ قدر اور نتائج پر مبنی خدمات کی طرف منتقل ہونا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اے آئی ٹولز سافٹ ویئر ڈویلپرز کی کارکردگی بڑھا رہے ہیں، اس لیے فی گھنٹہ کام کے حساب سے معاوضہ وصول کرنے کا موجودہ طریقہ آمدن میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ مقامی کمپنیوں کو قدر کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کے ساتھ اپنے مخصوص سافٹ ویئر ٹولز اور دانشورانہ ملکیت (مائیکرو آئی پی) تیار کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ ہنرمند افرادی قوت کی کمی اور اے آئی کو اپنانے کا دباؤ بھی اہم چیلنجز ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، جولائی تا ستمبر، کے دوران سافٹ ویئر کنسلٹنسی سے 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ سافٹ ویئر برآمدات سے 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ان شعبوں کی آمدن بالترتیب 29 کروڑ 30 لاکھ اور 14 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھی۔ اس طرح دونوں شعبوں کی مشترکہ برآمدی آمدن میں تقریباً 19 فیصد، یعنی 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سویڈن میں قائم اے آئی ڈیٹا کمپنی کلیئرٹریسڈ کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر عبداللہ راشد نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں مخصوص صنعتوں میں مہارت حاصل کرکے اور صارفین کی عملی ضروریات کے مطابق اے آئی حل تیار کرکے اپنی برآمدات بڑھا سکتی ہیں۔
ان کے مطابق مثال کے طور پر اگر کوئی سسٹم کمپنیوں کی رپورٹس سے معلومات حاصل کرتا ہے تو اسے یہ بھی واضح کرنا چاہیے کہ ہر عدد یا معلومات کس ذریعے سے حاصل کی گئی ہیں، تاکہ صارفین غلطیوں کی نشاندہی اور تصحیح کرسکیں۔ کاروباری فیصلوں کے لیے رپورٹنگ کا سال اور پیمائش کی اکائیوں کی درستگی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کو سافٹ ویئر کی ویلیو چین میں آگے بڑھتے ہوئے انٹرپرائز اے آئی انٹیگریشن، خودکار ایجنٹک ورک فلو، ڈیٹا انجینئرنگ اور سائبر سکیورٹی جیسے خصوصی شعبوں میں صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔ بنیادی ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز بنانے کے بجائے انہیں فِن ٹیک، صحت اور لاجسٹکس جیسی صنعتوں کے لیے مخصوص ٹیکنالوجی پارٹنرز کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنی چاہیے۔
عبداللہ راشد کے مطابق آئی ٹی کمپنیوں کے افرادی قوت کے ڈھانچے میں بھی تبدیلی ضروری ہے۔ بڑی تعداد میں جونیئر کوڈرز رکھنے کے بجائے اے آئی کی مدد سے کام کرنے والے ماہر سلوشن آرکیٹیکٹس پر مشتمل چھوٹی اور مؤثر ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ برآمد کنندگان کو اپنے ڈویلپرز کو اے آئی معاون ورک فلو اور بین الاقوامی ضابطوں، خصوصاً ایس او سی 2 اور جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر)، کے مطابق تربیت دینا ہوگی تاکہ عالمی اداروں کا اعتماد حاصل کیا جاسکے۔
انہوں نے منڈیوں میں تنوع کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کو امریکا اور برطانیہ سے آگے بڑھ کر خلیج تعاون کونسل کے ممالک، بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی کاروباری موجودگی قائم کرنی چاہیے۔ ان ممالک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے بڑے بجٹ مختص کیے جا رہے ہیں اور انہیں کم لاگت پر خصوصی اے آئی خدمات فراہم کرنے والے شراکت داروں کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق صارفین کے موجودہ نظاموں میں نئی ٹیکنالوجی ضم کرنے اور اس کی تنصیب کے بعد دیکھ بھال کی ذمہ داری قبول کرکے پاکستانی کمپنیاں طویل مدتی کاروباری تعلقات قائم کرسکتی ہیں۔ صارفین کی صنعت کو سمجھنا، ڈیٹا کا ذمہ دارانہ استعمال اور خدمات کے قابلِ پیمائش نتائج دکھانا زیادہ قدر والے منصوبے حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
عبداللہ راشد نے مزید کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کے لیے یورپ اور دیگر ترقی یافتہ منڈیوں میں اعلیٰ قدر کے منصوبوں کے مواقع موجود ہیں۔ بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری، تجارتی نمائشوں میں شرکت اور تجارتی اتاشیوں کی مؤثر معاونت سے مقامی اداروں کو ممکنہ صارفین تک رسائی اور ان کی ضروریات سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں کمپیوٹر سروسز اور متعلقہ سرگرمیوں سمیت پاکستان کی مجموعی آئی ٹی برآمدات 1.2 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔ اس عرصے میں آئی ٹی فری لانسرز نے 33 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، کال سینٹرز نے 10 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ ٹیلی کمیونی کیشن سروسز نے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ حاصل کیا۔
ہیکسالائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد شاہ نے کہا کہ پاکستان میں اے آئی کے تیز رفتار استعمال کا انحصار افرادی قوت کو جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے پر ہے۔ انہوں نے جامعات اور کالجوں کے ٹیکنالوجی نصاب کو باقاعدگی سے جدید بنانے کے ساتھ آئی ٹی کمپنیوں میں اندرونی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے آئی ٹی ماہرین اور طلبہ کی تربیت کے لیے حکومتی اور غیر سرکاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانا اور افرادی قوت کی ترقی کے لیے طویل مدتی حکمت عملی مرتب کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق مہارتوں میں مسلسل سرمایہ کاری سے مقامی کمپنیاں تکنیکی تبدیلیوں سے ہم آہنگ، عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہوسکیں گی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی ٹیکنالوجی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ملکی آئی ٹی کمپنیاں روایتی آؤٹ سورسنگ سے آگے بڑھ کر زیادہ قدر کی حامل برآمدات کی طرف پیش رفت کرسکیں۔



