latest newsPakistan

چمکتا لاہور مہم: 77 شاہراہوں کی روزانہ واشنگ، 10 اینٹی سموگ گنز بھی فعال

لاہور (عمران اسلم): فضائی آلودگی، سموگ اور گرد و غبار میں کمی کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے سات روزہ خصوصی صفائی و واشنگ مہم ’’چمکتا لاہور‘‘ شروع کردی، جس کے تحت شہر کی 77 بڑی شاہراہوں سمیت 648 کلومیٹر طویل سڑکوں کی مکینیکل واشنگ کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ وژن کے تحت مہم کے آغاز پر لبرٹی چوک میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شعیب مرزا، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہریار عارف خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر فضائی آلودگی اور سموگ میں کمی کے لیے خصوصی فیلڈ واشنگ پلان بھی جاری کیا گیا۔ سی ای او شہریار عارف خان کے مطابق شہر میں واشر گاڑیوں کے ذریعے روزانہ 100 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی، جبکہ اندرون شہر کی تنگ گلیوں کی صفائی کے لیے 46 جدید واشر رکشے تعینات کیے گئے ہیں۔

مہم کے تحت 10 رکشہ ماؤنٹڈ اینٹی سموگ گنز (مسٹ گنز) بھی چلائی جائیں گی، جو فضا میں پانی کا چھڑکاؤ کرکے گرد و غبار کو بٹھانے اور سموگ کے اثرات کم کرنے میں مدد دیں گی۔ اس کے علاوہ 16 مکینیکل واشرز کے ذریعے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی دھلائی بھی کی جائے گی۔

مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر دن اور رات دونوں اوقات میں واشنگ کی جائے گی، جبکہ شہر بھر میں تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار کو روکنے کے لیے واٹر باؤزرز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔

مہم کے تحت کچا جیل روڈ، پیکو روڈ، بند روڈ اور گلشن راوی روڈ پر واشنگ ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، جبکہ جی ٹی روڈ شاہدرہ، امامیہ کالونی برج، ٹھوکر نیاز بیگ، کھڑک نالہ اور ملتان روڈ پر بھی سڑکوں کی دھلائی شروع کردی گئی ہے۔

اسی طرح لارنس روڈ، عبدالستار ایدھی روڈ، فضل حق روڈ اور گارڈن ٹاؤن روڈ پر واشنگ ٹیمیں سرگرم ہیں، جبکہ شاہکام فلائی اوور، سبزہ زار مین بلیوارڈ اور موہلنوال روڈ پر گرد و غبار کے خاتمے کے لیے سکریپنگ اور واشنگ کا عمل جاری ہے۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق سات روزہ مہم کے دوران شہر کی اہم شاہراہوں کے علاوہ کمرشل مارکیٹس، عوامی مقامات اور مختلف علاقوں کی صفائی بھی کی جائے گی۔ روزانہ تقریباً 100 کلومیٹر سڑکوں کی دھلائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ شہر میں صفائی بہتر بنانے کے ساتھ گرد و غبار اور فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button