پی ٹی وی ڈرامہ و فلم اکیڈمی کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ڈرامہ و فلم اکیڈمی کو بحال اور جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو فلم سازی اور ڈیجیٹل پروڈکشن کی جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ انہوں نے اکیڈمی کی بحالی اور اسے نئی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی خصوصی تربیت مقامی سطح پر فراہم کی جائے گی، جس سے اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو یہ مہارت سیکھنے کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے نوجوانوں کو فلموں، ڈراموں اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری کے لیے جدید اسٹوڈیوز میں عملی تربیت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے جامعات کے ساتھ بھی اشتراک کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے سے پی ٹی وی کی آمدن میں اضافے کی بھی توقع ہے۔
وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ اکیڈمی کی بحالی کا منصوبہ میڈیا اور تفریحی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ فلم، ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل مواد کی صنعت میں کلر گریڈنگ، پوسٹ پروڈکشن اور جدید اسٹوڈیو ٹیکنالوجی کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں ان مہارتوں کی تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور نجی شعبے و جامعات کو ساتھ ملانے کا مقصد نوجوانوں کو میڈیا انڈسٹری کی بدلتی ضروریات کے مطابق تیار کرنا ہے۔



