latest newssci&tech

اے آئی ماڈلز دنیا کے ذہین ترین سائنس دانوں سے بھی آگے نکل گئے، سیم آلٹمین

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین نے کہا ہے کہ جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز اب دنیا کے ذہین ترین سائنس دانوں سے بھی زیادہ صلاحیت کے حامل ہوچکے ہیں اور دفتری و پیشہ ورانہ کاموں کے بڑے حصے انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ابوظبی انٹرنیشنل پیٹرولیم نمائش اور کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیم آلٹمین نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آغاز میں اے آئی زیادہ تر معاملات میں ذہین ترین سائنس دانوں کی صلاحیتوں سے پیچھے تھی، لیکن اب بیشتر معاملات میں ان سے آگے نکل چکی ہے۔ اسی طرح پہلے اے آئی دفتری نوعیت کے بہت سے کام انجام دینے کے قابل نہیں تھی، تاہم اب وہ ان کاموں کے بڑے حصے سرانجام دے سکتی ہے۔

سیم آلٹمین نے کہا کہ عالمی معیشت اور روزگار پر مصنوعی ذہانت کے اثرات کے باوجود انسانی فیصلہ سازی، تخلیقی صلاحیت اور جواب دہی کو ٹیکنالوجی کے استعمال میں مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل کے فیصلوں کا اختیار انسانوں ہی کے پاس رہنا چاہیے اور مصنوعی ذہانت کو یہ ذمہ داری نہیں سونپنی چاہیے کہ وہ انسانوں کے لیے خود طے کرے کہ کیا بہتر ہے۔ ان کے مطابق اے آئی کو انسانوں کی خدمت کے لیے ایک معاون ٹول ہونا چاہیے، نہ کہ انسان اس کے تابع ہوجائیں۔

اوپن اے آئی کے سربراہ نے مصنوعی ذہانت کے لیے درکار کمپیوٹنگ انفرااسٹرکچر کی بھاری بجلی کی ضروریات کو بھی اہم مسئلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ توانائی کی جسمانی فراہمی ہے، کیونکہ دیگر شعبوں میں پیش رفت ممکن ہے، لیکن ڈیٹا سینٹرز اور کمپیوٹنگ نظام چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت ایک بنیادی حد رہے گی۔

سیم آلٹمین کے مطابق دنیا میں فی کس ماہانہ ٹوکنز کا استعمال چھ سال قبل تقریباً صفر تھا، جو اب بڑھ کر لگ بھگ ایک لاکھ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ بڑے ادارہ جاتی صارفین ماہانہ تقریباً 500 ارب ٹوکنز استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ٹیکنالوجی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں تقریباً 80 فیصد نوجوان ہفتہ وار بنیادوں پر چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں۔

تقریب کے دوران اوپن اے آئی نے اماراتی ٹیکنالوجی گروپ جی 42 اور ابوظبی کی سرکاری تیل کمپنی ایڈنوک کے ساتھ شراکت داریوں کا بھی اعلان کیا۔ یہ کسی توانائی کمپنی کی جانب سے اوپن اے آئی کے جدید ترین اے آئی ماڈلز کا پہلا عالمی سطح کا استعمال ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button