یورپ میں سپر مارکیٹوں پر سائبر حملے، فریج اور فریزر بند، ہزاروں کلو خوراک ضائع

یورپ کے مختلف ممالک میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزرز کو ہیک کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں خوراک خراب ہونے پر اسٹورز کو بڑی مقدار میں اشیائے خورونوش ضائع کرنا پڑیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کے روز ہونے والے سائبر حملوں سے بیلجیم، لکسمبرگ اور سویڈن میں سپر مارکیٹوں کے نظام متاثر ہوئے، جبکہ آئرلینڈ میں بھی متعدد اسٹورز کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ اداروں میں آہولڈ ڈیل ہائز، کولروئٹ، سویڈن کی آئی سی اے اور کوآپ سمیت فرنیچر اور غذائی مصنوعات فروخت کرنے والی کمپنی آئیکیا کا ایک اسٹور بھی شامل ہے۔
اسٹاک ہوم میں آئی سی اے کے ایک فرنچائز اسٹور کی سیلز منیجر انگلا انگوال نے بتایا کہ حملہ رات دو بجے ہوا، تاہم اس کا پتا کئی گھنٹے بعد چلا۔ ان کے مطابق فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے تمام خوراک خراب ہوگئی۔
آئی سی اے کے ترجمان نے بتایا کہ رات کے وقت پیش آنے والے واقعے سے محدود تعداد میں اسٹورز کے ریفریجریشن اور فریزر سسٹم متاثر ہوئے۔ کولروئٹ گروپ کے مطابق بیلجیم میں اس کے پانچ اسٹورز کے فریج سسٹم کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آئرلینڈ کی کمپنی مسگریو نے بتایا کہ اس کے 13 سپر ویلیو اسٹورز متاثر ہوئے اور انہیں ٹھنڈی اور منجمد اشیا فروخت سے ہٹانا پڑیں۔
سویڈن کی کوآپ چین کے مطابق اس کے 800 میں سے سات اسٹورز میں ریفریجریشن نظام کے ساتھ غیر مجاز چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ بیلجیم میں کیریفور کے 700 میں سے 15 اسٹورز متاثر ہوئے، جبکہ آئیکیا نے بھی اپنے ایک اسٹور میں سائبر حملے کی تصدیق کی ہے۔
یہ واقعات گزشتہ ماہ فرانس میں ہونے والے سائبر حملے کے بعد سامنے آئے ہیں، جہاں ہیکرز نے مبینہ طور پر سیکڑوں سپر مارکیٹوں کے کولنگ سسٹم کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا، جس کے نتیجے میں آگ لگنے اور خوراک ضائع ہونے کے واقعات پیش آئے تھے۔ آہولڈ ڈیل ہائز نے بھی گزشتہ ماہ سائبر سکیورٹی کے ایک واقعے کی پولیس کو اطلاع دی تھی۔
تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ یورپ میں ہونے والے حالیہ حملوں کا فرانس کے واقعات سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ بیلجیم کے سائبر سکیورٹی مرکز کی ترجمان کیٹرین ایگرز نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت شاید کبھی نہ ہوسکے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے آئی ٹی نظام کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا آسان ہوتا جارہا ہے۔
یورپی کمیشن کے زراعت کے کمشنر کرسٹوف ہینسن نے کہا کہ یہ حملے غذائی سپلائی چین میں خلل ڈالنے اور صارفین کے اعتماد کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں، جنہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
سائبر سکیورٹی فرم سینٹینل ون کے محقق ٹام ہیگل کے مطابق خوردہ کاروبار ہیکرز کے لیے آسان ہدف ہے، کیونکہ سپر مارکیٹوں میں ریفریجریشن کنٹرولرز، عمارتوں کے انتظامی نظام، سکیورٹی کیمرے، دروازوں کے لاک اور ادائیگی کے آلات بڑی تعداد میں استعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں کا مقصد بھتہ وصولی، سیاسی مفادات یا ریاستی سطح کی کارروائیاں ہوسکتی ہیں، تاہم حالیہ واقعات میں مالی مطالبات سامنے نہ آنے سے تخریب کاری کا امکان بھی ظاہر ہوتا ہے۔
بیلجیم کی گوشت فروخت کرنے والی کمپنی ڈی لاٹ اینڈ وان ہیور کے مالک لوک ڈی لاٹ نے بتایا کہ حملے کے باعث ان کے اسٹور کے فریج کا درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور تقریباً 15 ہزار یورو مالیت کا گوشت خراب ہوگیا۔ ان کے مطابق ہیکرز دور بیٹھ کر درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے نظام میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔
یورپ میں مسلسل سامنے آنے والے ان واقعات نے اہم تجارتی اور غذائی بنیادی ڈھانچے کی سائبر سکیورٹی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔



