ٹرمپ ایران پر جوہری حملے کے قریب، ٹکر کارلسن کا دعویٰ

امریکی سیاسی تجزیہ کار اور سابق فاکس نیوز میزبان ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران پر جوہری حملہ کرنے سے چند روز کی دوری پر ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے مشتبہ جوہری مرکز پر حملے کی منظوری دینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ٹکر کارلسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل بیان میں ممکنہ ہدف کی نشاندہی وسطی ایران میں واقع ’’پک ایکس ماؤنٹین‘‘ کے طور پر کی، جہاں مبینہ طور پر اسرائیلی انٹیلی جنس کا خیال ہے کہ ایران نے جوہری افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کردیا ہے۔
کارلسن کے مطابق اس مقام پر زیر زمین سرنگوں کو تقریباً 300 فٹ ٹھوس گرینائٹ کی تہہ سے تحفظ حاصل ہے، جسے روایتی امریکی ہتھیاروں سے نشانہ بنانا ممکن نہیں، اس لیے ان کے بقول جوہری حملہ ہی واحد فوجی راستہ رہ جاتا ہے۔ انہوں نے ایک نامعلوم باخبر ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو اس معاملے پر ٹرمپ سے روزانہ رابطہ کر رہے ہیں۔
کارلسن نے الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو اپنی سیاسی بقا کے لیے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی چاہتے ہیں اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سمیت اعلیٰ امریکی حکام پر بھی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف بھی نیتن یاہو کے مؤقف کی پیروی کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نیتن یاہو نے 27 ستمبر کو خفیہ طور پر ابوظبی کا دورہ کیا تھا تاکہ متحدہ عرب امارات کو ایران پر فیصلہ کن حملے کی حمایت کے لیے آمادہ کیا جاسکے، تاہم اماراتی حکام نے انکار کردیا۔
ٹکر کارلسن نے خبردار کیا کہ ایران پر جوہری حملے کے اثرات صرف اس ملک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ خلیجی خطے اور عالمی معیشت کے لیے بھی سنگین نتائج پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق پک ایکس ماؤنٹین پر جوہری دھماکے سے خلیج کا ماحول آلودہ ہونے اور تقریباً 10 کروڑ افراد کی پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آٹھ ماہ سے جاری تنازع نے خلیجی معیشتوں، عالمی توانائی اور کھاد کی منڈیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ اکتوبر میں آبنائے ہرمز میں دنیا کے تقریباً 850 تیل بردار سپر ٹینکروں میں سے 11 کو شدید نقصان پہنچا۔
کارلسن نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے ایک خطرناک عالمی مثال قائم ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں روس یوکرین کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے پر غور کرسکتا ہے، بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری کشیدگی دوبارہ بڑھ سکتی ہے اور شمالی کوریا سیئول پر حملہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے فروری سے امریکی جوہری پالیسی میں خاموشی سے تبدیلیاں کی ہیں، جن کا مقصد میدانِ جنگ میں محدود پیمانے کے جوہری ہتھیاروں کے پہلے استعمال کو آسان بنانا ہے۔
کارلسن کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف صدر ٹرمپ کو ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے کی کوشش جاری رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے فیصلہ سازوں سے رابطے رکھنے والے افراد کے خیال میں مزید جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اور معاہدے کی کوشش جاری رہنی چاہیے۔
کارلسن نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ 7 نومبر تک جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی منظوری دینے کا فیصلہ کرسکتے ہیں، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ دعوے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہفتے کے روز فلوریڈا میں مارالاگو اسٹیٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کی ایک یا دو جوہری تنصیبات اب بھی ممکنہ اہداف ہیں اور امریکا انہیں 10 منٹ کے اندر نشانہ بنا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے پک ایکس ماؤنٹین کا بھی ذکر کیا تھا، تاہم جوہری حملے کی منظوری دینے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔
ٹرمپ نے 16 اکتوبر کو نیوزمیکس کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کو واضح طور پر مسترد کیا تھا۔
دوسری جانب امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے امریکی اور اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہفتے کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جو کشیدہ رہا۔ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو منگل کے امریکی وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے خواہاں ہیں، جبکہ ٹرمپ سفارتی مذاکرات جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ انتظامیہ حساس فوجی منصوبوں پر تبصرہ نہیں کرتی اور صدر ٹرمپ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے تمام آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی کہہ چکے ہیں کہ حملے دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ایران نے پک ایکس ماؤنٹین کمپلیکس میں کسی بھی جوہری سرگرمی کی تردید کی ہے، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر نے واشنگٹن اور تل ابیب کو مزید حملوں سے خبردار کیا ہے۔



