برٹنی سپیئرز کا اہل خانہ پر ناروا سلوک کا الزام، نیا خاندان بنانے کا اعلان

امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے اپنے اہل خانہ پر ناروا سلوک کے نئے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوزیانا کے دوروں کے دوران ان کے ساتھ غیر منصفانہ برتاؤ کیا گیا اور انہیں غلاموں جیسا محسوس کرایا گیا۔
گلوکارہ نے 2 نومبر کو انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں اپنی چھوٹی بہن جیمی لین اسپیئرز اور سابق شوہر کیون فیڈرلائن کے رویے پر دکھ اور ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پوسٹ کے اختتام پر واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ’’ایک نیا خاندان تلاش کریں گی۔‘‘
برٹنی اسپیئرز کے مطابق کورونا وبا کے دوران لوزیانا میں قیام کے موقع پر ان کی بہن جیمی لین نے انہیں اپنی بھانجی آئیوی جون واٹسن کو گود میں لینے کی اجازت نہیں دی۔ گلوکارہ نے ان دوروں کو دو ہفتوں کے قیام سے تعبیر کیا۔
انہوں نے سابق شوہر کیون فیڈرلائن پر بھی الزام لگایا کہ جب وہ اپنے بیٹوں شان پریسٹن اور جےڈن جیمز کو لینے ان کے گھر جاتی تھیں تو انہیں واش روم استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔
گلوکارہ نے ان مبینہ واقعات کی مخصوص تاریخیں یا مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ ان کے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔
ان بیانات کے بعد برٹنی کی 28 دسمبر 2025 کی ایک سابقہ پوسٹ بھی دوبارہ توجہ کا مرکز بن گئی، جس میں انہوں نے اپنی بھانجی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اسے گود میں لینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم اس پوسٹ سے حالیہ الزامات کی تصدیق نہیں ہوتی۔
برٹنی اسپیئرز اور ان کے خاندان کے درمیان کشیدگی کا پس منظر ان کی طویل قانونی سرپرستی کا معاملہ بھی ہے، جو 2008 میں شروع ہوا اور نومبر 2021 میں ختم ہوا۔ اس عرصے کے بیشتر حصے میں ان کے والد جیمی اسپیئرز ان کے مالی معاملات اور جائیداد کی نگرانی کرتے رہے۔
گلوکارہ نے اپنی 2023 میں شائع ہونے والی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’دی وومن اِن می‘ میں اپنی بہن جیمی لین اور اہل خانہ سے محبت کا اظہار کیا تھا اور لکھا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی بہن سے محبت کرتی رہیں گی۔



