پیٹرول 15 روپے فی لیٹر مہنگا ہونا تھا، ریفائنریز نے اضافی بوجھ اٹھانے پر آمادگی ظاہر کردی: علی پرویز ملک

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ آئل ریفائنریز کے ساتھ آئندہ نشست میں تمام امور پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے گزشتہ عرصے میں خاطرخواہ منافع کمایا ہے اور ان کا تین ماہ کا منافع پورے ایک سال کے منافع سے بھی زیادہ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ کروڑوں افراد اس ریلیف سے مستفید ہورہے ہیں۔ ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے 15 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، لاجسٹکس اور انشورنس کے اخراجات بڑھ چکے ہیں، جب کہ عالمی منڈی میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ سے پہلے پیٹرول پر پریمیئم 5 ڈالر فی بیرل تھا جو بڑھ کر 20 ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جب کہ ڈیزل کے لیے خام تیل پر مبنی فارمولا لاگو ہے۔ مقامی ریفائنریز ملک کی مجموعی پیٹرول کی ضروریات کا 30 فیصد تیار کرتی ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں کرے گی اور ان کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیس کی قیمت 600 سے 700 روپے فی کلو وصول کرنا درست نہیں، زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف اقدامات کیے جارہے ہیں، جن کی تفصیلات ایک دو روز میں سامنے آجائیں گی۔ عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔
آبنائے ہرمز میں پاکستان آنے والے ایل این جی کارگو پر حملے سے متعلق سوال پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ جس مقام پر جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ آبنائے ہرمز سے پہلے واقع ہے اور حملہ اس کی حدود میں داخل ہونے کے بعد نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایندھن لے جانے والے جہازوں کو انسانی بنیادوں پر اپنی منزل تک پہنچنے کی اجازت ملنی چاہیے۔ جہاز پر حملہ کہاں سے کیا گیا، اس کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی سخت ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن ہے کہ عوام پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں فیول کی کوئی قلت نہیں اور قومی ضروریات پوری ہورہی ہیں۔ دنیا بھر کی معیشتیں جنگوں سے متاثر ہوئی ہیں اور پاکستان کی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں، تاہم مشکل حالات کے باوجود ملکی معاشی اشاریے مثبت ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے فیول ریلیف کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حکومت اب تک پیٹرول کی مد میں 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کرچکی ہے اور یہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں اور صورتحال معمول پر آنے سے حالات بہتر ہوں گے۔
دریں اثنا وفاقی حکومت نے آئل ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا فارمولا تبدیل کردیا ہے، جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت آئل ریفائنریز کو درآمدی قیمت اور ریفائنری کی سطح پر مقررہ قیمت کے درمیان فرق سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جب کہ اس سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی صورت میں صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔
حکومت نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی قیمت کے تعین میں پریمیئم، دیگر اخراجات اور کسٹم ڈیوٹی کی سطح 7 مارچ 2026 کے مطابق برقرار رکھی جائے، جسے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے پہلے کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق درآمدی اور ریفائنری قیمت کے درمیان پیدا ہونے والا فرق پیٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے میں جمع ہوگا اور اسی کے مساوی رقم پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے پر خرچ کی جائے گی۔



