latest newsPolitics

پی ٹی آئی میں گروپ بندی یا تقسیم نہیں، پوری جماعت بانی کے ساتھ متحد ہے: اعلامیہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جماعت میں کسی قسم کی گروپ بندی یا تقسیم نہیں، پوری پارٹی بانی پی ٹی آئی کی قیادت، نظریے اور مشن کے ساتھ متحد ہے۔

اعلامیے کے مطابق پارٹی رہنما اور کارکن مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ اور اسپیکر خیبرپختونخوا سمیت دیگر پارلیمنٹیرینز کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔

اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ دونوں کو اہلخانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اسپتال منتقل کرنا تشویش ناک ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے اور اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر پورے ملک میں تشویش پائی جاتی ہے۔ جماعت اسلامی نے پہلے دن سے ہی صوبے میں گورنر راج کو مسترد کیا تھا۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ گورنر راج کے باوجود کوئی بڑا عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا، کیونکہ پی ٹی آئی کے اپنے قائدین کے درمیان شدید اختلافات ہیں اور عوام کا جماعت پر اعتماد کم ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے درمیان حتمی مذاکرات کل اسلام آباد میں ہوں گے۔ پیٹرولیم لیوی میں ریلیف نہ ملنے کی صورت میں دھرنے دوبارہ شروع کیے جائیں گے، جب کہ درست فیصلے نہ کیے گئے تو اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button