latest newsWorld

اسرائیلی بمباری سے اپنے یرغمالیوں کی ہلاکت کا اعتراف، سابق آرمی چیف

تل ابیب: اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حالیوی نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک ہوئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج سے استعفیٰ دینے کے ڈیڑھ سال بعد اپنے پہلے عوامی بیان میں ہرزی حالیوی نے کہا کہ حماس کا 7 اکتوبر 2023 کا حملہ ایسی ناکامی تھی جسے روکا جا سکتا تھا، تاہم اس میں کسی قسم کی اندرونی غداری شامل نہیں تھی۔

نیویارک میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں شدید فوجی دباؤ کے بغیر اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی ممکن نہیں تھی۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے بعض یرغمالی بھی مارے گئے کیونکہ فوج کو معلوم نہیں تھا کہ وہ ان مقامات پر موجود ہیں۔

ہرزی حالیوی کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے کے بعد غزہ میں حماس کے خلاف زمینی کارروائی شروع کرنے کے لیے سیاسی قیادت کو قائل کرنے میں خاصا وقت لگا۔

انہوں نے 7 اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام اور انکوائری مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو مشکل سوالات اٹھانے اور اپنی ناکامیوں کا سامنا کرنا ہوگا تاکہ غلطیوں کی اصلاح کی جا سکے۔

سابق اسرائیلی آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ 7 اکتوبر کی صبح حماس کا حملہ جاری تھا تو اسرائیل نے حزب اللہ کو سخت پیغام بھیجا تھا کہ وہ اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی مداخلت کی صورت میں لبنان کو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ہرزی حالیوی 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے وقت اسرائیلی فوج کے سربراہ تھے۔ غزہ میں کئی ماہ جاری رہنے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے بعد انہوں نے مارچ 2025 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button