حکومت نے ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنے کا فارمولا تبدیل کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئل ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا نیا فارمولا متعارف کرا دیا ہے، جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آئل نے نئے پرائسنگ میکانزم کے حوالے سے اوگرا کو خط ارسال کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درآمدی کارگو کی اصل لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اصل لاگت دستیاب نہ ہونے کی صورت میں آخری دستیاب کارگو کی قیمت کو مدنظر رکھا جائے گا۔
خط کے مطابق آئل ریفائنریز اگلے 30 روز تک ایران امریکا جنگ سے پہلے کی سطح پر پریمیئم اور دیگر اخراجات برقرار رکھ سکیں گی۔ ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت کا تعین 7 مارچ 2026 کی سطح پر پریمیئم اور کسٹمز ڈیوٹی کی بنیاد پر ہوگا۔
نئے فارمولے کے تحت پیٹرول کی درآمدی قیمت اور ریفائنری قیمت کے درمیان فرق کی رقم پیٹرولیم لیوی اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی، جسے پیٹرول پر صارفین کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق ایران امریکا جنگ کے بعد ریفائنریز درآمدی پیٹرول کے برابر بھاری پریمیئم وصول کر رہی تھیں۔ 7 مارچ کی سطح پر پریمیئم منجمد ہونے سے ریفائنری قیمت کم اور درآمدی قیمت زیادہ ہوگی، جبکہ دونوں قیمتوں کے فرق کے برابر رقم لیوی اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی برقرار رہے گی، تاہم اس رقم کا صارفین کو ریلیف فراہم کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔



