ایران اور امریکا اسرائیل جنگ کے خاتمے کیلئے دوحہ میں مذاکرات تیسرے روز بھی جاری

دوحہ: ایران کے مذاکرات کار امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے قطری ثالثوں سے مسلسل تیسرے روز بھی دوحہ میں مذاکرات کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذاکرات سے آگاہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان بات چیت کا مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا انتخابات سے قبل ایران پر نئے حملے نہیں کرے گا اور تہران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم انہوں نے انتخابات کے بعد فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔
ایران نے بارہا خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئے حملے کی صورت میں وہ پڑوسی ممالک میں موجود امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔ جاری جنگ کے باعث عالمی تیل کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پھیل رہی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ہفتے کو مسلح افواج کو کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد ایرانی فوج نے اپنی دفاعی تیاریوں میں اضافے کے اقدامات کا اعلان کیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران پر نئے حملوں کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق قطری ثالث جمعے کو ایرانی حکام سے بات چیت کے لیے تہران پہنچے تھے، جس کے بعد ہفتے کو مذاکرات دوحہ منتقل کردیے گئے۔ عہدیدار کے مطابق ان مذاکرات میں واشنگٹن کے ساتھ مسلسل رابطہ بھی رکھا جا رہا ہے۔



