دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا مطالبہ نہ مانا تو افغان طالبان کو سنگین قیمت چکانا پڑے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان رجیم نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ افغان طالبان اپنے مقاصد کے لیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجو استعمال کرتے ہیں اور افغانستان میں اب بھی غیر ریاستی عناصر کا اثر و رسوخ برقرار ہے۔
انہوں نے افغان طالبان رجیم کو بھارت کی پراکسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق روسی مداخلت کے بعد افغانستان میں متعدد خفیہ ایجنسیوں اور پراکسیز نے اپنی جڑیں مضبوط کرلیں۔ جیش العدل، القاعدہ اور داعش خراسان (آئی ایس کے پی) جیسی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں، جس کی نشاندہی اقوام متحدہ، امریکا اور دیگر ممالک کرچکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان سے صرف یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستانی سرزمین پر دہشت گردوں کی حمایت بند کریں۔ ان کے مطابق افغان طالبان رجیم نے نور ولی محسود، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے حملہ آور افغانستان سے آتے ہیں اور وہیں سے انہیں اسلحہ فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں اور بین الاقوامی برادری کو اسے ایک معمول کی ریاست کی طرح رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرنا چاہیے۔ عالمی برادری افغان طالبان پر منشیات کی کاشت اور پیداوار روکنے کے لیے بھی دباؤ ڈالے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج افغانستان کی جانب سے درپیش تمام خطرات، بشمول ڈرون حملوں، کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔



