نئے پیٹرول قیمت فارمولے سے ریفائنریز اور 6 ارب ڈالر کے اپ گریڈ منصوبے خطرے میں پڑ گئے

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا فارمولا متعارف کرانے سے ملک کی آئل ریفائنریز کو فی لیٹر تقریباً 49 روپے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ ریفائنریز کی جدید کاری کے لیے مجوزہ 5 سے 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
آئل انڈسٹری نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کو متاثر کرسکتا ہے، حالانکہ پرانی آئل ریفائنریز کو جدید بنانے کے معاہدوں پر چند ہفتے قبل ہی دستخط کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 30 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظرثانی شدہ طریقہ کار کی منظوری دی تھی۔
نئے فارمولے کے تحت ریفائنریز کو پیٹرول کی اصل درآمدی لاگت اور جنگ سے پہلے کی قیمتوں کی بنیاد پر مقرر کردہ ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق حکومت کے حوالے کرنا ہوگا۔
آئل انڈسٹری کے مطابق اس فیصلے سے ریفائنریز کی مالی استعداد متاثر ہونے اور اربوں ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔



