latest newsPakistan

مہنگائی قابو میں نہ آئی تو فرانس جیسا عوامی ردعمل سامنے آ سکتا ہے: چودھری سرور

حکومت محنت کش طبقے کی معاشی مشکلات کا فوری حل نکالے سابق گورنر پنجاب

لاہور (فیصل علوی ) سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں کو عوام کی قوتِ خرید کے مطابق لانے اور مزدور اور محنت کش طبقے کے معاشی مسائل حل کرنے پر سنجیدہ توجہ نہ دی گئی تو یہاں بھی فرانس، بالخصوص پیرس میں ہونے والے پر تشدد احتجاج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوامی بے چینی بڑھنے کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت معاشی ریلیف اور افہام و تفہیم کا جمہوری راستہ اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، معیارِ زندگی اور تعلیمی مسائل پر احتجاج اس امر کی یاددہانی ہے کہ معاشی دباؤ اور عوامی شکایات کو نظرانداز کرنا سنگین مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ پاکستان کے حالات مختلف ضرور ہیں، تاہم حکمرانوں کو ایسے واقعات سے سبق لیتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ دیہاڑی دار مزدور، ٹرانسپورٹ ورکر، چھوٹے کاروباری افراد اور محدود آمدن والے خاندانوں کے لیے اصل سوال اپنے بچوں کی خوراک، تعلیم، علاج اور گھر کے اخراجات پورے کرنا ہے۔ جب آمدن اور ضروری اخراجات کے درمیان فاصلہ بڑھتا ہے تو معاشی پریشانی کے ساتھ مایوسی اور احساسِ محرومی بھی جنم لیتا ہے۔ معاشی فیصلوں کی کامیابی عام آدمی کی زندگی میں آسانی سے ظاہر ہونی چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button