اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز کو عدالت سے خلع مل گئی

لاہور کی فیملی کورٹ نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کر دی۔
فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے کیس کی سماعت کے بعد ڈگری جاری کی۔ مہناز کی جانب سے ایڈووکیٹ خدیجہ صدیقی نے دلائل دیے۔
درخواست گزار مہناز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ معمر رانا شراب نوشی کے بعد انہیں تشدد کا نشانہ بناتے اور گالم گلوچ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق معمر رانا نے متعدد مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی شراب کے نشے میں انہیں گالیاں دیں، جس سے بیٹیوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
مہناز کا کہنا تھا کہ ان کی معمر رانا سے شادی 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ معمر رانا گھر کے اخراجات بھی برداشت نہیں کرتے۔ اہل خانہ نے ان کے رویے میں بہتری لانے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم انہوں نے علاج کرانے سے انکار کر دیا۔
درخواست گزار کے مطابق شادی کو 28 سال گزر چکے ہیں اور اب وہ ان حالات میں شوہر کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں۔ عدالت نے ان کا مؤقف سننے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کر دی۔



