latest newsWorld

افغان سرزمین سے دہشت گردی پاک افغان تعلقات میں بڑی رکاوٹ ہے، وزارت اطلاعات

وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے ترجمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت کے ترجمان کا بیان افغان قیادت کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان بگڑتے دوطرفہ تعلقات کی بنیادی وجوہات تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں اور مسلسل پاکستان کی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں، جبکہ تعلقات میں کشیدگی کی اصل وجہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے میں طالبان حکومت کی مسلسل ناکامی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی ہے، لہٰذا کابل کو اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیاں روکنے کی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔ افغان طالبان کی الزام تراشی اور کھوکھلی یقین دہانیاں پاک افغان بحران کا حل نہیں ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے کہ دہشت گردی اس کی ریڈ لائن ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button