قطری اور پاکستانی ثالثین ایرانی شرائط پر مشاورت کر رہے ہیں، عباس عراقچی

عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی نائب صدر کے پیغام پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اگر اس پیغام کے پیچھے ایندھن کی تقسیم کا مقصد ہے تو یہ امریکا کی سابقہ غلطیوں کے ساتھ ایک اور غلطی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فریق کی جانب سے وسیع تر مکالمے کی کوشش کو مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں، تاہم ایرانی شرائط تسلیم کیے جانے کے بعد ہی براہ راست یا بالواسطہ مذاکرات کا فیصلہ کیا جائے گا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں امریکا کے ساتھ ملاقات کی ضرورت محسوس نہیں کرتے، تاہم جنگ کا امکان خارج از امکان نہیں اور ایران ہر صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ایران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے اس شرط پر غور کیا جا سکتا ہے کہ طے شدہ نئے بحری راستوں کو تسلیم کیا جائے اور دیگر راستے بند کیے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ قطر نے ایران کی سات روزہ تجویز کو پانچ روز تک محدود کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اب ایک ایسی تجویز پر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے جس میں عمل درآمد کی مدت دو روز مقرر کی گئی ہے۔



