latest newsWorld

ایران کے حملوں سے مشرق وسطیٰ میں 26 امریکی فوجی اڈوں کو اربوں ڈالر کا نقصان

ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں دو درجن سے زائد امریکی فوجی اڈوں اور دیگر تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں اربوں ڈالر مالیت کے فوجی سازوسامان اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں ابتدا میں امریکی فضائی دفاع کے ابتدائی وارننگ اور ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا، بعد ازاں طیاروں کے ہینگرز، گوداموں، فوجی رہائش گاہوں اور دیگر تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اے پی نے مختلف سیٹلائٹ اداروں کی تصاویر کی آزادانہ جانچ اور خطے کے چار حکام سے گفتگو کے بعد بتایا کہ اگست تک ایران یا اس کے حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے 115 سے زائد ڈرون اور میزائل حملوں میں 26 امریکی فوجی اڈوں اور دیگر مقامات پر عمارتوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا یا انہیں تباہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں کے باعث خطے میں امریکی فوجی موجودگی بھی متاثر ہوئی اور واشنگٹن نے اپنے متعدد فوجی اثاثے خلیج فارس سے منتقل کر دیے۔ ان میں طیارے، فضائی دفاعی اور مواصلاتی نظام سمیت فوجی اڈوں کو فعال رکھنے والا اہم سازوسامان شامل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں نے مشرق وسطیٰ میں امریکی دفاعی نظام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف نئی کارروائیوں پر غور کر رہے ہیں، جبکہ تہران نے بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ اے پی کے مطابق جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں امریکی فوجی اڈوں کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں یکم اپریل سے 30 جون کے دوران ایرانی حملوں سے امریکی اڈوں پر سیکڑوں عمارتوں اور دیگر تنصیبات کی تباہی یا نقصان کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تاہم امریکی حکومت اور فوج نے جنگ کے دوران اہلکاروں اور فوجی سازوسامان کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات محدود رکھی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے آپریشنل سکیورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے نقصان پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا، تاہم پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ امریکی فوج اور اس کے اڈے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور فوج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ان کے مطابق سینٹکام میں تعینات امریکی اہلکاروں کو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم ہیں۔

اے پی کی سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے کے مطابق ایرانی حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ کویت بنا، تاہم بحرین، عراق، اردن، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی تنصیبات بھی حملوں کی زد میں آئیں۔

جنگ کے دوران امریکی فوجیوں پر ہونے والا سب سے ہلاکت خیز حملہ یکم مارچ کو کویت کی بندرگاہ الشعیبہ میں ہوا، جہاں ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

کویت کے علی السالم ایئربیس کو کم از کم 30 مرتبہ نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں طیاروں کے 15 ہینگرز، متعدد گودام اور رہائشی علاقے کے قریب 10 عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئیں۔

کویت میں واقع کیمپ بیورنگ کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ اس کے بیشتر ہینگرز ناقابل استعمال ہو گئے، مارچ میں جمنازیم تباہ ہوا جبکہ جولائی کے آخر میں فوجیوں کے لیے قائم ایک اسٹور کو نشانہ بنایا گیا۔ دو علاقائی حکام کے مطابق ایک اور حملے میں گیراج اور کھانے کا ہال شدید متاثر ہوا۔

امریکی رینڈ اسکول آف پبلک پالیسی کے نیشنل سکیورٹی پروگرام کے ڈائریکٹر رافیل کوہن نے کہا کہ اگرچہ ایران کو امریکی حملوں سے کہیں زیادہ نقصان پہنچا، تاہم امریکی فوجی سازوسامان کا نقصان بھی ناگزیر تھا۔ ان کے مطابق جدید جنگی ماحول میں نسبتاً سستے ڈرونز کے بڑے پیمانے پر حملوں نے فوجی تنصیبات کو غیر معمولی خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

اے پی کے مطابق ایران نے جنگ کے ابتدائی دنوں میں امریکی ریڈار اور ابتدائی وارننگ نظام کو نشانہ بنایا، جو فضائی حملوں کی بروقت نشاندہی اور دفاعی نظام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

فروری کے آخر میں جنگ کے پہلے دو روز کے دوران کویت کے کیمپ عریفجان اور بحرین میں امریکی نیول سپورٹ ایکٹیویٹی کے ریڈار نظاموں کی حفاظتی تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔ سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئربیس اور اردن کے موفق السلتی ایئربیس پر نصب موبائل ریڈار بھی حملوں کی زد میں آئے۔

آرمامنٹ ریسرچ سروسز کے ڈائریکٹر این آر جینزن جونز کے مطابق ایران نے ایسے اہم ریڈار نظاموں کو ترجیحی بنیادوں پر نشانہ بنایا جنہیں امریکی فضائی دفاع کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے اور جن کی جگہ نئے نظام نصب کرنا مہنگا اور مشکل ہے۔

رپورٹ کے مطابق اردن میں ایک ریڈار تباہ ہوا، جو دنیا بھر میں امریکی فوج کے پاس موجود اس نوعیت کے صرف 13 نظاموں میں سے ایک تھا اور اس کی مالیت تقریباً 50 کروڑ ڈالر تھی۔ قطر میں ایک اور ریڈار کو شدید نقصان پہنچا، تاہم اس کی مکمل تباہی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ نظام 2013ء میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے معاہدے کے تحت خریدا گیا تھا۔

جینزن جونز کے مطابق ان حملوں کا مقصد امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مزید حملوں کا جواب دینے کی صلاحیت کو متاثر کرنا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریڈار نظاموں کو نشانہ بنانے کے بعد جنگ کے پہلے مہینے میں ایران نے امریکی فوجی سازوسامان رکھنے والے 18 مقامات پر 50 سے زائد کامیاب حملے کیے، جن میں طیاروں کی تنصیبات کو ترجیح دی گئی۔ حملوں میں فضائی ایندھن بھرنے والے طیاروں، مواصلاتی نظام، ایندھن کے ذخائر اور فوجیوں کی رہائش گاہوں کو نقصان پہنچا۔

سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئربیس پر حملے میں بوئنگ ای تھری سینٹری نگرانی کرنے والے طیارے کا پچھلا حصہ متاثر ہوا، جبکہ ریاض میں امریکی سفارت خانے کے اندر سی آئی اے کے ایک یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایک علاقائی فوجی عہدیدار کے مطابق اس حملے میں دو فضائی ایندھن بردار طیاروں سمیت دیگر طیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔

کانگریشنل ریسرچ سروس کی اکتوبر میں اپ ڈیٹ ہونے والی رپورٹ کے مطابق خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر مجموعی طور پر 15 امریکی طیارے متاثر ہوئے۔

متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی کے جنوب میں واقع الظفرہ ایئربیس بھی جنگ کے ابتدائی دنوں میں بار بار حملوں کا نشانہ بنا۔ ایک علاقائی فوجی عہدیدار کے مطابق وہاں طیاروں کے ہینگرز، دیگر تنصیبات، ابتدائی وارننگ ریڈار اور نگرانی کرنے والے ڈرونز کو نقصان پہنچا۔

اے پی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ساتھ معاہدے رکھنے والے بڑے سیٹلائٹ اداروں نے امریکی حکام کی درخواست پر تصاویر کی عوامی فراہمی روک دی یا اس میں تاخیر کی، جس سے حملوں کے نقصانات کی آزادانہ تصدیق متاثر ہوئی۔ بعد ازاں ایئربس کے ملکیتی سیٹلائٹ ادارے ون اٹلس کی تصاویر دستیاب ہونے پر نقصان کا جائزہ ممکن ہوا۔

کویت کے کیمپ بیورنگ کی معیاری سیٹلائٹ تصاویر اگست کے آخر تک دستیاب نہیں ہو سکیں۔ رپورٹ کے مطابق مارچ کے آغاز میں تصاویر کی فراہمی معطل ہونے اور اگست میں بحال ہونے کے درمیان 30 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا یا وہ تباہ ہو گئیں۔ اڈے پر مارچ، اپریل، مئی اور جولائی میں بار بار حملوں کی بھی تصدیق کی گئی۔

رافیل کوہن نے خبردار کیا کہ نسبتاً کم لاگت والے ڈرون حملوں کے باعث فوجی اڈے اور سازوسامان مستقبل میں بھی خطرات سے دوچار رہیں گے۔ ان کے مطابق امریکی فوج کے لیے اب اس تصور پر انحصار ممکن نہیں رہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے دور کی طرح مستقل فوجی تنصیبات محفوظ رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button