’ہنگر گیمز‘ میں اداکاری زندگی کا یادگار موقع ہے، میکینا گریس جذباتی ہوگئیں

20 سالہ اداکارہ فلم میں ڈسٹرکٹ 12 کی امیدوار میسلی ڈونر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں نوجوان ہیچم ایبرنتھی کی کہانی پیش کی گئی ہے، جس کا کردار جوزف زادا نے ادا کیا ہے۔ کہانی میں ہیچم کو 50ویں ہنگر گیمز میں حصہ لیتے دکھایا گیا ہے۔
لندن میں مداحوں کی خصوصی اسکریننگ کے دوران کاسٹ کے پوسٹر کو دیکھ کر میکینا گریس جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی تقریب پہلے کبھی نہیں دیکھی، کاسٹ کے تمام فنکاروں کے چہرے ایک پوسٹر پر دیکھ کر وہ جذباتی ہوگئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کا احساس کر رہی ہیں کہ یہ تجربہ ان کے لیے کتنا منفرد تھا اور شاید انہیں دوبارہ کبھی اس نوعیت کے کسی منصوبے کا حصہ بننے کا موقع نہ ملے، اسی لیے یہ ان کی زندگی کا ایک غیر معمولی موقع ہے۔
میکینا گریس نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کے ساتھ بننے والے قریبی تعلقات کا بھی ذکر کیا اور انہیں اپنا خاندان قرار دیا۔ ان کے مطابق جوزف زادا اور آئیونا بیل کے ساتھ وقت گزارنا اور روزانہ سیٹ پر کام کرنا ایسا تجربہ تھا جسے وہ حقیقت ماننے سے بھی قاصر تھیں۔
سوزین کولنز کے 2025 میں شائع ہونے والے ناول پر مبنی یہ فلم اصل ’ہنگر گیمز‘ کی کہانی سے 24 سال پہلے کے واقعات پر مشتمل ہے۔ فلم میں ہیچم کی کہانی دکھائی گئی ہے، جسے دوسرے کوارٹر کوئل مقابلے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، جہاں ہر ضلع سے معمول سے دوگنے امیدوار میدان میں اتارے جاتے ہیں۔
فرانسس لارنس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں رالف فینس، کیرن کلکن، ایلے فیننگ، جیسی پلیمنز، گلین کلوز اور بلی پورٹر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
میکینا گریس کے مطابق فلم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ تبدیلی راتوں رات نہیں آتی، اس کے لیے وقت اور ثابت قدمی درکار ہوتی ہے۔ مشکل حالات میں بھی انسانیت اور اپنے اصولوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
’دی ہنگر گیمز: سن رائز آن دی ریپنگ‘ 20 نومبر 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔



