latest news

آبادی میں اضافے سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی قیادت مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد: پارلیمانی فورم برائے آبادی (پی ایف پی) کے 17ویں اجلاس میں آبادی کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات، پارلیمانی نگرانی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

پاپولیشن کونسل کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبودِ آبادی (یو این ایف پی اے) کے تعاون سے منعقدہ اجلاس میں سینیٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔

فورم کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو آبادی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی قیادت، مؤثر نگرانی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مہم چلانے پر زور دیا اور کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مقامی حکومتیں عوام تک رسائی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافے سے گھریلو وسائل، عوامی خدمات اور غذائی نظام پر دباؤ بڑھتا ہے، جس کے نتیجے میں بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ، غذائی عدم تحفظ اور ماں و بچے کی ناقص غذائیت جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے قومی ترقیاتی منصوبہ بندی میں آبادی کے عوامل کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں آبادی کی شرح نمو 2017ء میں 2.4 فیصد سے بڑھ کر 2023ء میں 2.55 فیصد ہوگئی۔

فورم کے نائب چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو قانون سازی، نگرانی اور پالیسیوں پر عمل درآمد میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مقامی حکومتوں کی شمولیت اور جواب دہی کے مؤثر نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین سید نوید قمر نے کہا کہ قومی سطح پر کیے گئے وعدوں کو قابلِ عمل اور جواب دہ لائحہ عمل میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو صوبوں کی شمولیت، مناسب بجٹ مختص کرنے، مؤثر نگرانی اور مقررہ مدت پر مشتمل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ قابلِ پیمائش پیش رفت یقینی بنائی جاسکے۔

پاپولیشن کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر علی محمد میر نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پارلیمانی فورم شواہد پر مبنی پالیسی سازی، حکومتی رہنمائی اور اداروں کی جواب دہی بہتر بنانے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔

پاکستان میں یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانہ نے بھی آبادی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی قیادت اور مربوط اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قومی وعدوں کو ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہوگا جو پائیدار ترقی اور خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button