health & Foodlatest news

ملک بھر میں فلو ویکسین کی قلت، لاہور میں مبینہ جعلی ویکسین کا ذخیرہ برآمد

ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ویکسین نومبر کے آخر یا دسمبر میں محدود مقدار میں دستیاب ہونے کا امکان، 2 ملزمان گرفتار

ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جبکہ لاہور میں ڈرگ انسپکٹرز نے چھاپہ مار کر معروف ملٹی نیشنل کمپنی کی مبینہ جعلی فلو ویکسین کا بھاری ذخیرہ برآمد کرلیا۔

ڈرگ کنٹرول حکام کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین نومبر کے آخر یا دسمبر میں محدود مقدار میں دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ چینی کمپنیوں کی ویکسین کا محدود ذخیرہ بھی مارکیٹ میں ختم ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق ویکسین کی شدید قلت کے باعث مارکیٹ میں مبینہ جعلی ویکسین فروخت کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔ لاہور میں کارروائی کے دوران مبینہ جعلی ویکسین کی فروخت میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ برآمد شدہ مشتبہ ویکسین کی اصلیت معلوم کرنے کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ڈرگ کنٹرول حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فلو ویکسین صرف لائسنس یافتہ فارمیسیوں سے خریدیں اور خریداری کے وقت ویکسین کے بیچ نمبر اور کولڈ چین، یعنی مقررہ درجۂ حرارت پر محفوظ رکھنے کے نظام، کی تصدیق ضرور کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button