پی ٹی آئی اجلاس میں بیرسٹر گوہر اور اعظم سواتی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ
سات گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں مذاکرات کے اختیار پر اختلاف، اعظم سواتی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس سات گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران مرکزی قیادت نے سینیٹر مشعال یوسفزئی کی جانب سے ارکان کی تقاریر کے دوران بار بار مداخلت کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران اعظم سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں مذاکرات کا اختیار دیا تھا۔ اس پر بیرسٹر گوہر نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود جیل میں بانی پی ٹی آئی سے اعظم سواتی کو مذاکرات کا اختیار دیے جانے کے بارے میں پوچھا تھا، تاہم بانی پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ انہیں ایسا کوئی اختیار نہیں دیا گیا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا مکمل اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو سونپا تھا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان جملوں کے تبادلے کے بعد اعظم سواتی اجلاس سے چلے گئے، جس کے بعد اجلاس چھوڑ کر جانے والے ارکان کی مجموعی تعداد چار ہوگئی۔



