پی ایچ ایف کا ملک بھر میں اسکولز ہاکی لیگ شروع کرنے کا فیصلہ
ضلعی، تحصیل اور ڈویژنل مقابلے 15 نومبر سے ہوں گے، کھلاڑیوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے تک وظیفہ ملے گا

پی ایچ ایف کے مطابق لیگ کا مقصد اسکولوں میں ہاکی کو فروغ دینا اور قومی ٹیموں کے لیے نئے کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ مقابلوں کا انعقاد چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ لیگ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تحت کام کرے گی، جس کے لیے الگ چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی مقرر کیا جائے گا۔
فیڈریشن کے مطابق لیگ میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10 ہزار روپے، دوسری پوزیشن والی ٹیم کے کھلاڑی کو ساڑھے 7 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑی کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ لیگ کی فاتح ٹیم اور منتخب کھلاڑیوں کو بین الاقوامی دوروں پر بھی بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر سال 100 لڑکوں اور 100 لڑکیوں کو سمر کیمپس کے لیے منتخب کیا جائے گا، جہاں انہیں ہاکی کوچنگ، فٹنس ٹریننگ اور تعلیمی ٹیوشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔



