ریاض میں حوثی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے عمارت، تعمیراتی مقام اور گاڑی کو نقصان
سعودی کابینہ کا قطر اور پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ، حوثی حملوں کی مذمت

ریاض: سعودی سول ڈیفنس کے مطابق ریاض میں حوثی بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک عمارت، تعمیراتی مقام اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں تہران میں ایرانی حکام اور مکہ معاہدے میں شامل ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کے نکات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قطر اور پاکستان کی جانب سے ثالثی اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی کابینہ نے کہا کہ مذاکرات علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی و استحکام کے حوالے سے مملکت کے مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ اجلاس میں فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں اور حوثیوں کے بار بار حملوں کو روکنے میں اس کی کامیابی کو بھی سراہا گیا۔
کابینہ نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سعودی عرب کو حرمین شریفین، زائرین اور شہریوں کی سلامتی کے دفاع کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع مضمون میں امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے حوثی ملیشیا کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی اتحاد تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی گروہ یمن سے آگے تک پھیلتا ہوا دہشت گردی کا خطرہ بن چکا ہے، اس لیے عالمی برادری کو داعش کے خلاف کارروائیوں جیسی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ادھر یمنی حوثی تنظیم انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے سینئر رکن محمد علی الحوثی نے سعودی عرب کی فوجی امداد کے لیے مصری پارلیمنٹ کی منظوری کو یمن کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر کو جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جیسا کہ 1960 کی دہائی میں ہوا تھا۔



