گلوکار کرس براؤن کو برطانوی عدالت سے 8 ماہ قید کی سزا، ایک سال کے لیے معطل

لندن (ویب ڈیسک) امریکی آر اینڈ بی گلوکار کرس براؤن کو لندن کے نائٹ کلب میں 2023ء کے دوران جھگڑے کے مقدمے میں جرم قبول کرنے پر برطانوی عدالت نے 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے، تاہم یہ سزا ایک سال کے لیے معطل کردی گئی ہے، جس کے باعث انہیں فوری طور پر جیل نہیں جانا پڑے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق 37 سالہ کرس براؤن نے جولائی میں عدالت میں پیشی کے دوران جھگڑے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ پیر کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں پیشی کے موقع پر انہوں نے سیاہ ماسک اور ٹوپی پہن رکھی تھی۔
جج ٹونی باؤمگارٹنر نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ ہجوم سے بھرے نائٹ کلب میں اس نوعیت کا تشدد سنگین معاملہ ہے، جس سے نہ صرف نشانہ بننے والے شخص بلکہ دیگر افراد کی سلامتی کو بھی واضح خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
استغاثہ نے کرس براؤن اور ان کے شریک ملزم اومولولو اکین لولو پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے لندن کے ایک نجی نائٹ کلب میں ایک شخص پر حملہ کیا، جس کے دوران براؤن نے شیشے کی بوتل سے متاثرہ شخص کے سر پر دو مرتبہ وار کیا۔
متاثرہ شخص کو بوتل سے کئی ضربیں لگائی گئیں، جس کے بعد اس کا تعاقب کرکے اسے مکے اور لاتیں بھی ماری گئیں۔ کرس براؤن کے جرم قبول کرنے کے باعث انہیں دیگر الزامات، جن میں شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش اور بطور ہتھیار بوتل رکھنے کے الزامات شامل تھے، پر مقدمے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ وہ پہلے ان الزامات سے انکار کرچکے تھے۔
یہ واقعہ 19 فروری 2023ء کو وسطی لندن کے نجی کلب ٹیپ میں پیش آیا تھا، جب گلوکار برطانیہ کے دورے پر تھے۔
کرس براؤن کو 2000ء کی دہائی کے وسط میں ’’کس، کس‘‘ جیسے گانوں سے شہرت ملی۔ ان کی سابقہ گرل فرینڈ اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ریحانہ پر 2009ء میں حملے کے مقدمے میں بھی انہیں جرم ثابت ہونے پر سزا ہوئی تھی۔
2012ء میں نیویارک کے ایک نائٹ کلب میں ہپ ہاپ اسٹار ڈریک کے ساتھیوں کے ساتھ جھگڑے کے دوران شیشے کی بوتل لگنے سے فرانسیسی باسکٹ بال کھلاڑی ٹونی پارکر کی آنکھ زخمی ہوگئی تھی۔ دو سال بعد کرس براؤن نے واشنگٹن میں ایک مداح پر حملہ کرنے کا جرم بھی قبول کیا تھا۔
اس مقدمے میں شریک ملزم 40 سالہ اومولولو اکین لولو نے بھی جھگڑے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، جس پر عدالت نے اسے 4 ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم یہ سزا بھی ایک سال کے لیے معطل کردی گئی۔



