crimelatest news

اسلام آباد سے بچوں کی فحش ویڈیوز بنانے والے بین الاقوامی گروہ کا مبینہ سرغنہ گرفتار، کراچی میں لڑکی کو بلیک میل کرنے والا ملزم بھی پکڑا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے بچوں کی فحش ویڈیوز بنانے اور فروخت کرنے والے مبینہ بین الاقوامی گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا، جبکہ کراچی میں کم عمر لڑکی کو ہراساں اور بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے این سی سی آئی اے اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شعیب خان نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت سے ’’اسکردو گینگ‘‘ کے سربراہ کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مبینہ طور پر بچوں کے استحصال پر مبنی بین الاقوامی نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

ان کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ اپنے چار سے پانچ سالہ بچوں سے فحش ویڈیوز اور جانوروں کے ساتھ جنسی عمل پر مبنی ویڈیوز بنواتا تھا۔ بعدازاں یہ مواد ٹیلی گرام کے خفیہ گروپس کے ذریعے شیئر اور کرپٹو کرنسی کے عوض بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔

شعیب خان نے بتایا کہ کم عمر بچوں کی فحش ویڈیوز خفیہ ٹیلی گرام گروپس میں فروخت کیے جانے کی اطلاعات پر ذرائع سے ملنے والی رپورٹ اور بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

مصدقہ معلومات ملنے پر چھاپہ مار ٹیم نے مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے۔ ابتدائی جانچ کے دوران موبائل فونز اور لیپ ٹاپس سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی ویڈیوز، جانوروں کے ساتھ جنسی عمل کی ویڈیوز اور کرپٹو کرنسی کے لین دین کے شواہد ملے۔

تحقیقاتی حکام کو اسلام آباد، ملتان اور جنوبی پنجاب میں نیٹ ورک سے متعلق اہم روابط اور شواہد بھی ملے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق برآمد شدہ آلات کو فرانزک تجزیے کے لیے سیل کردیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے ایک الگ کارروائی میں کراچی کی کم عمر لڑکی کو مسلسل ہراساں اور بلیک میل کرنے کے مقدمے میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

شعیب خان کے مطابق لڑکی نے مسلسل ہراسانی کے باعث خودکشی کی کوشش کی تھی اور اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

تحقیقات کے مطابق ملزم گزشتہ دو سے تین سال سے مبینہ طور پر لڑکی کو ہراساں اور بلیک میل کررہا تھا۔ ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے محض 13 گھنٹوں میں ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔

دریں اثنا، این سی سی آئی اے نے رواں ہفتے کراچی میں بچوں کے جنسی استحصال اور فحش مواد سے متعلق ایک مقدمے میں 42 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

این سی سی آئی اے کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے ہفتے کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایجنسی کی ٹیم نے جمعے کی شب کم عمر بچوں کے مبینہ جنسی استحصال میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button