latest newsPakistan

مری اور مظفرآباد میں دو المناک حادثات، 14 افراد جاں بحق، 7 شدید زخمی

مری / مظفرآباد (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقے مظفرآباد اور مری میں اتوار کو پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 7 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

مظفرآباد میں مسافر جیپ پہاڑی ڈھلوان سے نیچے جاگری، جس کے نتیجے میں باپ اور اس کے دو بیٹوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب مری میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد کو لے جانے والی وین گہری کھائی میں گرنے کے بعد آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک اور 7 شدید زخمی ہوگئے۔

مظفرآباد میں حادثہ دوپہر کے قریب گاؤں ستھرا پوڈیمار کے نزدیک پیش آیا، جہاں نکہ شکر پٹیاں سے سیری درہ جانے والی جیپ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑک پر بے قابو ہوگئی۔

جیپ تقریباً تین کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد پہاڑی سے نیچے جاگری اور کئی بار الٹنے کے بعد تباہ ہوگئی۔ پولیس اور انتظامیہ کے مطابق گاڑی سڑک سے تقریباً ایک ہزار سے پندرہ سو فٹ نیچے گری، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ذیشان نثار کے مطابق حادثے کے مقام پر لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔ مقامی افراد نے لاشیں نکالنے میں مدد کی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی پہنچ گئے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کردیں۔

مری میں باروہا لنک روڈ پر ایک مسافر وین گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت وین میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد سوار تھے، جو شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا۔ حکام نے زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی۔

ریسکیو حکام کے مطابق وین میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button