پی ٹی آئی کا وفاقی حکومت سے مذاکرات یا احتجاج کا فیصلہ کرنے کے لیے کے پی اسمبلی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (پیر) کو شیڈول ہے، جس میں اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حالیہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ارکان نے حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر انہیں اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت میں صوبائی ارکان کو شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے اور ان سے مذاکرات کی بحالی یا احتجاجی حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے رائے دینے کو کہا ہے۔
بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ پارٹی قیادت نے مذاکرات اور احتجاج سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار مکمل طور پر پارلیمانی پارٹی کو دے دیا ہے، جبکہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی اس عمل سے الگ رہیں گی۔
تاہم اس معاملے پر تبصرے کے لیے رابطہ کیے گئے پی ٹی آئی ارکان نے اس تشریح سے اختلاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے فیصلے کے مطابق مذاکرات اور احتجاج سے متعلق اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دیا گیا ہے، جو بالترتیب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔
ارکان کے مطابق پارٹی کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں فیصلہ سازی کا کردار برقرار رکھیں گی اور پی ٹی آئی کے بانی کی منظوری کے بغیر کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی پارلیمانی پارٹی کو پارلیمانی امور سے متعلق فیصلوں کا اختیار حاصل ہے اور وہ مذاکراتی عمل میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے بعض ارکان کو شامل کرنے کی خواہش مند ہے۔



