ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے فیملی شروع کرنے کا منصوبہ مؤخر کر دیا؟

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق جوڑے کے ہاں بچوں کی پیدائش کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہوسکتا ہے کہ کیلسی موجودہ سیزن کے بعد پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لیتے ہیں یا کھیل جاری رکھتے ہیں۔
ٹریوس کیلسی کینساس سٹی چیفس کے ساتھ اپنے 14ویں سیزن میں ہیں اور گزشتہ دو سیزنز کے اختتام پر بھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور کر چکے ہیں۔ ان کے کیریئر سے متعلق آئندہ فیصلہ شادی کے ابتدائی مہینوں میں جوڑے کے خاندانی منصوبوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نامعلوم ذریعے نے بتایا کہ کیلسی کے مستقبل کا فیصلہ موجودہ سیزن کے اختتام پر ہونے والی پیش رفت سے ہوگا۔ اگر وہ سپر باؤل جیت جاتے ہیں تو ممکن ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ لے لیں، تاہم اگر ٹیم کامیاب نہ ہوئی اور وہ خود کو کھیلنے کے لیے فٹ محسوس کرتے رہے تو کھیل جاری رکھ سکتے ہیں۔
ذریعے کے مطابق اگر کیلسی کھیل جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان کے سامنے مستقبل کے پیشہ ورانہ مواقع سے متعلق کئی سوالات ہوں گے۔ ان معاملات کے واضح ہونے کے بعد ہی بچوں کی پیدائش کے منصوبے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دونوں کے پاس اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے اور فیصلے کرنے کے لیے مناسب وقت موجود ہے۔
ٹریوس کیلسی اس سے قبل بھی مستقبل میں بچوں کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ جون میں اپنے پوڈکاسٹ نیو ہائٹس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں بچوں کی پیدائش کو اپنے منصوبوں کا حصہ سمجھتے ہیں۔
فی الحال دونوں اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ دے رہے ہیں۔ ٹیلر سوئفٹ این ایف ایل سیزن کے دوران کیلسی کی حوصلہ افزائی کے لیے کینساس سٹی چیفس کے ہوم میچز میں شرکت کرتی رہی ہیں۔



