انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح، وزیراعظم اور صدرِ مملکت کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر ٹیم پاکستان کے تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میچ میں ہر رن، ہر وکٹ اور ہر کیچ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور بھرپور مقابلے کے جذبے کی عکاسی کی۔ شاداب خان اور حارث رؤف کے درمیان آخری وکٹ کی فیصلہ کن شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، جبکہ شاداب خان کی شاندار سنچری غیرمعمولی کارکردگی تھی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں کرکٹ شائقین کا جوش و خروش دراصل پوری قوم کی آواز تھا اور قومی کھلاڑیوں نے لاکھوں پاکستانیوں کے دل فخر اور خوشی سے بھر دیے۔
شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنانے اور ملکی میدانوں کو عالمی معیار کی بین الاقوامی کرکٹ کے لیے بہترین میزبان بنانے کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی انگلینڈ کے خلاف اعصاب شکن مقابلے میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے شاداب خان کو شاندار سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی فیصلہ کن شراکت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو یادگار کامیابی سے ہمکنار کیا۔
آصف علی زرداری نے سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی، کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم ورک کو سراہا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی مبارکباد پیش کی۔



