سعودی عرب: شہریوں کے لیے 500 ریال ماہانہ الاؤنس، خصوصی ریلیف پیکج منظور

ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شہریوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اقدامات یکم جنوری 2027ء سے بجلی اور پانی کے نرخوں میں تبدیلی کے معاشی اثرات کم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
منظور شدہ پیکج کے تحت سول سروس کے تنخواہی اسکیل اور آپریشنل پروگراموں کے معاہدوں کے تحت کام کرنے والے تمام سول اور فوجی ملازمین کو ماہانہ 500 سعودی ریال اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔ اس سہولت سے ریٹائرڈ ملازمین اور وفات پانے والے ملازمین یا پنشنرز کے اہل ورثا بھی مستفید ہوں گے۔
اسی طرح سوشل سیکیورٹی کی امداد حاصل کرنے والے خاندانوں کو بھی بجلی اور پانی کے نرخوں میں ردوبدل کے معاشی اثرات کم کرنے کے لیے ماہانہ 500 ریال وظیفہ دیا جائے گا۔
دوسری جانب نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی شہریوں کے روزگار کو مستحکم کرنے کے لیے نطاقات (سعودائزیشن) پروگرام کے تحت کم از کم اجرت کی حد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق ان اقدامات کے نفاذ کے چھ ماہ بعد کم از کم اجرت 5 ہزار ریال جبکہ اس پہلے اضافے کے 12 ماہ بعد 6 ہزار ریال کر دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کی آمدن بہتر بنانا اور نجی شعبے میں پائیدار روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔



