latest newsSports

شاداب خان کی سنچری، پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز بنا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح دلا دی، شاہین آفریدی کی چار وکٹیں

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 242 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شاداب خان نے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔

پاکستانی ٹیم خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لیے گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتری۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ تیسرے اوور میں جو روٹ 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ہیری بروک رن آؤٹ ہوئے، جبکہ حارث رؤف نے انگلینڈ کی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ اس طرح 52 رنز پر انگلش ٹیم کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

مشکل صورتِ حال میں بین ڈکٹ نے مزاحمت کرتے ہوئے 105 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن نے 42 اور گس ایٹکنسن نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کرکے ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کیں۔ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے دو، دو جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعد بیگ نے 32، سلمان علی آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب وکٹیں مسلسل گرتی رہیں، تاہم آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

آخری وکٹ پر شاداب خان اور حارث رؤف نے 89 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی۔ حارث رؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور شاداب کا بھرپور ساتھ دیا۔ شاداب کو 97 رنز کے انفرادی اسکور پر امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا تھا، تاہم ریویو لینے پر فیصلہ تبدیل ہوگیا۔

پاکستان نے 48ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے ایک وکٹ سے کامیابی اپنے نام کرلی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button