latest newsPolitics
27 اکتوبر کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مذاکرات یا احتجاج سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا: بیرسٹر علی ظفر

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار پارلیمانی پارٹی کو سونپ دیا گیا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھاکہ 27 اکتوبر کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مذاکرات یا احتجاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی، خواتین کی رہائی اور علاج سے متعلق امور پر غور ہوگا، اہم سیاسی اور تنظیمی معاملات پر فیصلے کیے جائیں گے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں آئندہ حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
دوسری جانب پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علی ظفر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تمام اختیارات پارلیمانی پارٹی کو منتقل کیے جانے کی خبریں درست نہیں۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ کور کمیٹی، پولیٹیکل کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی الگ الگ فورمز ہیں، پارلیمانی پارٹی صرف پارلیمانی معاملات سے متعلق فیصلے کرتی ہے، پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی میں پیش کیے جاتے ہیں، حتمی فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔



