الحمرا میں پنجاب یونیورسٹی کے ناٹک تھیٹر گروپ کا ڈرامہ ’’اک بوٹا امبی دا‘‘ پیش

لاہور (عمران اسلم) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں تیسرے پنجاب ماس انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول 2026ء کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے ناٹک تھیٹر گروپ نے پنجابی ڈرامہ ’’اک بوٹا امبی دا‘‘ پیش کیا۔ ڈرامے کا اہتمام معروف پنجابی شاعر پروفیسر موہن سنگھ کی شاعری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا، جس میں پنجابی زبان و ادب اور شعری روایت کو تھیٹر کے مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔




پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین مہمانِ اعزاز تھے۔ فیسٹیول ڈائریکٹر عامر نواز نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

ڈرامے کی ہدایات فہا شوال نے دیں، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اسرار چشتی نے موسیقی، وائس اوور اور تخلیقی تصور پیش کیا۔ میاں احمد نے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے فرائض انجام دیے۔ ڈرامے میں فہا شوال، فیض راجپوت اور میاں احمد نے اداکاری کی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر احمد بلال پروڈیوسر اور پروفیسر شہنواز زیدی مشیر تھے۔
ماس فاؤنڈیشن اور لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے اشتراک سے منعقدہ یہ فیسٹیول علاقائی زبانوں، ادبی ورثے اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ فیسٹیول کے ذریعے مختلف تعلیمی و ثقافتی اداروں کے فنکار اپنی پرفارمنسز پیش کر رہے ہیں، جن سے پنجابی ثقافت اور تھیٹر کی متنوع جہتوں کو اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے۔



