ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے خانپور فیملی واکنگ ٹریک کا افتتاح کردیا
رحیم یار خان (محمد عقیل اظہر پہوڑ) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے عباسیہ کینال پر تعمیر کیے گئے خانپور فیملی واکنگ ٹریک کا افتتاح کر دیا۔ منصوبہ تحصیل انتظامیہ اور اوورسیز پاکستانی محمد صائم خالق کے اشتراک سے اسسٹنٹ کمشنر خانپور افضل سکھیرا کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ایم پی اے چوہدری محمود احمد، سابق ایم این اے شیخ فیاض الدین، سابق ایم پی اے چوہدری مسعود احمد، اسسٹنٹ کمشنر افضل سکھیرا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ فیملی واکنگ ٹریک شہریوں کو چہل قدمی، ورزش اور صحت مند تفریح کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر اوورسیز پاکستانی محمد صائم خالق کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آبائی شہر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔
محمد صائم خالق نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون اور رہنمائی پر ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر خانپور اور تحصیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔



