latest newsShowbiz

ہالی ووڈ اداکارہ ہیلی بیری کی 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی لگژری حویلی فروخت کے لیے پیش

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک): ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیلی بیری نے اپنے سابق شوہر اولیویئر مارٹینیز کے ساتھ بیٹے کی تحویل کے تنازع کے دوران سن سیٹ اسٹرپ پر واقع اپنی پُرتعیش حویلی فروخت کے لیے پیش کردی، جس کی قیمت 1 کروڑ 19 لاکھ 95 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ جائیداد رواں ماہ فروخت کے لیے پیش کی گئی، جبکہ اس سے چند روز قبل اولیویئر مارٹینیز نے اداکارہ کے خلاف عارضی پابندی کا عدالتی حکم حاصل کیا تھا۔

ہالی ووڈ ہلز میں واقع اس تاریخی حویلی کی تعمیر 1926ء میں ہوئی تھی۔ تقریباً 5,900 مربع فٹ رقبے پر مشتمل عمارت 25 ہزار مربع فٹ سے زائد اراضی پر قائم ہے۔ اس میں پانچ بیڈ رومز اور چھ باتھ رومز ہیں، جبکہ رہائشی کمپلیکس تین حصوں، مرکزی گھر، علیحدہ مہمان خانے اور ایک الگ اسٹوڈیو پر مشتمل ہے۔

حویلی میں نجی جم، مساج روم، سوئمنگ پول، اسپا اور بار کے ساتھ چھوٹا کچن بھی موجود ہے۔ بیرونی حصے میں آگ جلانے کی جگہ، پیزا اوون، سایہ دار کھانے کے مقامات اور مراقبے کے لیے مخصوص باغ شامل ہیں۔ جائیداد کی فروخت کی ذمہ داری کیرول وُڈ اسٹیٹس کے رچرڈ ایرلچ کے پاس ہے۔

یہ جائیداد ہیلی بیری کے سابق ساتھیوں سے متعلق ایک واقعے کے باعث بھی خبروں میں رہی ہے۔ تھینکس گیونگ کے موقع پر نومبر 2012ء میں اولیویئر مارٹینیز اور اداکارہ کے سابق بوائے فرینڈ گیبریل اوبری کے درمیان اسی گھر میں ہاتھا پائی ہوئی تھی۔ واقعے میں اوبری کے چہرے پر نمایاں چوٹیں آئی تھیں۔ اوبری اور ہیلی بیری کی بیٹی ناہلا بھی ہیں۔

حویلی کی فروخت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ہیلی بیری اور اولیویئر مارٹینیز اپنے 13 سالہ بیٹے میسیو کی تحویل کے معاملے پر قانونی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

مارٹینیز نے الزام عائد کیا ہے کہ 26 ستمبر کو ورچوئل رئیلٹی ویڈیو گیم سے متعلق تنازع کے دوران ہیلی بیری نے بیٹے کا گلا دبایا۔ اداکارہ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعہ حملے کے بجائے آپس میں کھیل کود اور دھکم پیل کے دوران پیش آیا۔

تنازع میں بیٹے کے طبی علاج سے متعلق بھی دونوں جانب سے مختلف مؤقف سامنے آئے ہیں۔ مارٹینیز نے ہیلی بیری پر ’’غلط بیانیے‘‘ کو فروغ دینے کا الزام لگایا اور 5 اکتوبر کو عدالت میں دائر درخواست کو جوابی کارروائی قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق جج نے آئندہ سماعت پر میسیو کو بیان دینے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے، تاہم اس کا بیان صرف پابندی کے عدالتی حکم سے متعلق درخواست تک محدود ہوگا۔

دوسری جانب ہیلی بیری کی 18 سالہ بیٹی ناہلا نے حلفیہ بیان میں اپنی والدہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ماں کے طرزِ تربیت میں کبھی کوئی بدسلوکی نہیں دیکھی۔

بیٹے کی تحویل سے متعلق قانونی تنازع تاحال جاری ہے، جبکہ ہیلی بیری اپنی تاریخی حویلی فروخت کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button