افغان طالبان دہشت گردی روکنے کی ذمہ داری پوری کریں، پاکستان کا دوٹوک مؤقف

وزارتِ اطلاعات کا یہ ردعمل افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان کے مفاد میں نہیں کہ پاکستان میں بدامنی پیدا کی جائے یا عدم استحکام کی کسی کارروائی کی حمایت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے پاس دوسرے ممالک میں بدامنی پھیلانے یا اس کی مالی معاونت کرنے کے وسائل اور صلاحیت موجود نہیں۔
ہفتے کے روز اپنے بیان میں وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان حکومت ایک بار پھر پاکستان کے جائز اور دیرینہ سکیورٹی خدشات کا جواب دینے کے بجائے توجہ ہٹانے والے الزامات عائد کررہی ہے۔ وزارت کے مطابق پاکستان کے خدشات محض قیاس آرائیوں پر مبنی نہیں، جبکہ افغانستان کی جانب سے بدامنی پھیلانے کی صلاحیت یا دلچسپی نہ ہونے کا دعویٰ ان شواہد کا جواب نہیں ہے۔
وزارت نے اپنے مؤقف کی تائید میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تجزیاتی معاونت اور پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کی 16ویں رپورٹ اور امریکی کانگریس میں پیش کی گئی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا۔
بیان کے مطابق امریکی لیڈ انسپکٹر جنرل کی آپریشن اینڈیورنگ سینٹینل سے متعلق جنوری تا مارچ 2026 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو افغان سرزمین سے سرگرم رہنے کی اجازت دے رہے ہیں۔
وزارت نے رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ طالبان کی جانب سے ٹی ٹی پی کو زیادہ آزادی اور معاونت ملنے کے نتیجے میں پاکستان میں حملوں میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی تعداد 4 ہزار سے 6 ہزار تک بتائی گئی ہے اور اسے افغانستان میں موجود گروہوں میں تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑا گروہ قرار دیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ پاک افغان سرحد سے مسلح دہشت گردوں کی دراندازی کی مسلسل کوششیں، پاکستانی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے دوران افغان شہریوں اور دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کی ہلاکتیں، اور عسکریت پسندوں سے غیر ملکی ساختہ اسلحے کی برآمدگی سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہیں۔
بیان میں قندھار سمیت مختلف علاقوں میں افغان طالبان حکام کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو مبینہ سہولت فراہم کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ وزارت کے مطابق ایسے معاملات کو عمومی تردید سے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بلکہ ان کے لیے قابلِ اعتماد وضاحتیں اور قابلِ تصدیق اقدامات ضروری ہیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ پاکستانی سکیورٹی اداروں کو موردِ الزام ٹھہرانے سے افغان طالبان حکومت کی یہ ذمہ داری ختم نہیں ہوتی کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی اقدامات دہشت گردی کے خطرات کے خلاف ہیں، افغان عوام کے خلاف نہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے امن و استحکام کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور دہشت گردی سے پاک خطے کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو ہوگا۔
بیان میں افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ان سے وابستہ گروہوں کی سرپرستی، سہولت کاری یا معاونت ختم کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی، تیاری یا آغاز کے لیے استعمال نہ ہو۔
وزارت نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ تاہم اسلام آباد باہمی احترام، قابلِ تصدیق یقین دہانیوں اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں، معاون نیٹ ورکس اور سرحد پار دراندازی کے خلاف ٹھوس کارروائی کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب افغان طالبان حکومت افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے بارے میں اسلام آباد کے بنیادی خدشات دور کرنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔
دریں اثنا، وزارتِ اطلاعات نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے اس الزام کو بھی بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا کہ پاکستان افغانستان میں طالبان کے خلاف لڑنے کے لیے افغان شہریوں کو مسلح کررہا ہے۔
خلیل زاد نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان افغان شہریوں کو طالبان کے خلاف لڑنے کے لیے اسلحہ فراہم کررہا ہے اور پاکستان مخالف عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے افغانوں کو بھرتی بھی کررہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
وزارت کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے کہا کہ خلیل زاد کے الزامات قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں اور پاکستان کی جائز انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو افغانستان میں مسلح گروہوں کی سرپرستی سے جوڑنا گمراہ کن ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی مختلف رپورٹوں میں افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق خلیل زاد کے الزامات افغان طالبان حکومت کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹاتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات گزشتہ چند برس سے سرحد پار دہشت گردی کے معاملے پر کشیدہ ہیں۔ اسلام آباد متعدد مرتبہ کابل سے افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کے جواب میں پاکستان نے سرحدی علاقوں میں محدود فضائی کارروائیاں کیں۔ اس کے بعد سرحد پار سے ڈرون دراندازی کے واقعات پیش آئے، جنہیں پاکستان کے مطابق مار گرایا گیا، جبکہ بعدازاں مزید دو مرتبہ جوابی فضائی حملے کیے گئے۔



