latest newsPoliticsWorld

پاکستان افغانوں کو طالبان کے خلاف مسلح کرنے کے زلمے خلیل زاد کے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں طالبان کے خلاف لڑنے کے لیے افغان شہریوں کو مسلح کررہا ہے۔ وزارت نے الزام کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق زلمے خلیل زاد نے ایک روز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا تھا کہ متعدد اطلاعات کے مطابق پاکستان افغانستان میں طالبان کے خلاف لڑنے والے افغانوں کو اسلحہ فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ اسلام آباد پاکستان مخالف عسکریت پسندوں سے لڑنے کے لیے افغان شہریوں کو بھرتی کررہا ہے اور پیش گوئی کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہوں گے۔

وزارت کے فیکٹ چیک اکاؤنٹ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ خلیل زاد کے الزامات قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیے کو دہرانے کے مترادف ہیں اور ان سے ان کے ذاتی ایجنڈے کی عکاسی ہوتی ہے۔ وزارت نے کہا کہ افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کو افغانستان میں مسلح گروہوں کی سرپرستی یا افغان شہریوں کی بھرتی سے جوڑنا گمراہ کن ہے۔

وزارت کے مطابق پاکستان کی کارروائیوں کا ہدف وہ دہشت گرد تنظیمیں ہیں جو پاکستانی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایک الگ بیان میں وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان حکومت پاکستان کے دیرینہ سکیورٹی خدشات کا جواب دینے کے بجائے توجہ ہٹانے والے الزامات عائد کررہی ہے۔ پاکستانی سکیورٹی اداروں کو موردِ الزام ٹھہرانے سے کابل کی یہ ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

وزارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تجزیاتی معاونت اور پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کی رپورٹ S/2025/796 اور امریکی لیڈ انسپکٹر جنرل کی جنوری تا مارچ 2026 کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دستاویزات میں افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو افغان سرزمین سے سرگرم رہنے کی اجازت دے رہے ہیں۔ رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی تعداد 4 ہزار سے 6 ہزار تک بتائی گئی اور طالبان کی حمایت اور تنظیم کو زیادہ عملی آزادی ملنے کو پاکستان میں حملوں میں اضافے سے منسلک کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک افغان سرحد عبور کرنے کی دہشت گردوں کی کوششیں، پاکستانی کارروائیوں کے دوران افغان شہریوں اور دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کی ہلاکتیں، جبکہ عسکریت پسندوں سے غیر ملکی ساختہ اسلحے کی برآمدگی ایسے معاملات ہیں جن کی سنجیدہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔

وزارت نے قندھار سمیت مختلف علاقوں میں افغان طالبان حکام کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو مبینہ سہولت کاری پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ان خدشات کا جواب محض تردید کے بجائے قابلِ تصدیق اقدامات سے دیا جانا چاہیے۔

پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹی ٹی پی، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور ان سے وابستہ گروہوں سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی، معاونت اور سہولت کاری ختم کرے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی یا کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

وزارت نے واضح کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اقدامات کا ہدف دہشت گردی کے خطرات ہیں، افغان عوام نہیں۔ دونوں ہمسایہ ممالک میں امن و استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان باہمی احترام، قابلِ تصدیق یقین دہانیوں اور دہشت گردوں کی پناہ گاہوں، معاون نیٹ ورکس اور سرحد پار دراندازی کے خلاف ٹھوس اقدامات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ اول میں افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے رہے اور انہوں نے طالبان کے ساتھ امریکی معاہدے کے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے نتیجے میں افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کی راہ ہموار ہوئی۔

خلیل زاد اس سے قبل بھی پاکستان پر تنقید کرچکے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں وزارتِ اطلاعات نے پنجاب میں داعش خراسان (آئی ایس کے) کی موجودگی سے متعلق ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اختر آباد میں ہلاک ہونے والا شخص دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں نہیں بلکہ ڈکیتی سے متعلق واقعے میں مارا گیا تھا اور اس کا داعش خراسان سے تعلق ثابت کرنے کے شواہد موجود نہیں تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button