latest newsPoliticsWorld

اوباما کی ٹرمپ حکومت پر تنقید، ایران جنگ اور مہنگائی امریکی وسط مدتی انتخابات کا اہم موضوع بن گئے

واشنگٹن: سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایران جنگ اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام سے ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کی اپیل کردی۔

باراک اوباما نے ہفتے کے روز ریاست اوہائیو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات ٹرمپ انتظامیہ کی بعض پالیسیوں اور اقدامات کو روکنے کا آخری بہترین موقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو سال کے انتشار، سخت رویے، بدعنوانی اور نااہلی کے بعد عوام کو یہ کہنے کا موقع مل رہا ہے کہ اب بہت ہوچکا ہے۔

اوباما نے اعتراف کیا کہ کووڈ وبا کے بعد مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث 2024 میں بعض ووٹرز نے ڈیموکریٹس کو مسترد کردیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورت حال کی ذمہ داری ٹرمپ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے سے پہلے چیزیں مہنگی تھیں تو اب ان کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

سابق صدر نے ایران جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع نے ایران کو آبنائے ہرمز پر ویٹو پاور دے دی ہے، جبکہ فروری میں جنگ شروع ہونے سے پہلے اس اہم بحری گزرگاہ سے جہازوں کی آمدورفت جاری تھی۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست جارجیا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرکے اپنے حامیوں کو متحرک کرنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل انہوں نے ریاست فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ قبل از وقت ووٹ بھی ڈالا۔

ایران جنگ کے بارے میں سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے صورت حال کو مؤثر انداز میں سنبھالا ہے اور ممکن ہے کہ انہیں جنگ کو مکمل طور پر ختم کرنا پڑے یا ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پا جائے۔ ان کے بقول، دونوں صورتوں میں امریکا کامیاب ہوگا۔

ٹرمپ کو ایران اور یوکرین جنگوں کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں روس سے امریکا کو ڈیزل برآمد کرنے کا معاہدہ کیا، جس پر ریپبلکن اور ڈیموکریٹک ارکان کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے۔

اوباما نے ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش پر بھی طنز کیا اور عمارت میں سونے کے رنگ کے زیادہ استعمال کا مذاق اڑایا۔

اوہائیو میں اوباما کا یہ جلسہ 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے لیے ان کی پہلی انتخابی مہم تھی۔ اس کا مقصد سابق سینیٹر شیروڈ براؤن کی حمایت کرنا تھا، جو ریپبلکن سینیٹر جان ہسٹڈ کو شکست دے کر سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اوباما نے گورنر کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ایمی ایکٹن کی بھی حمایت کی، جن کا مقابلہ ریپبلکن امیدوار وویک راماسوامی سے ہے۔

اوباما نے راماسوامی کی انتخابی تشہیری مہم کی ایک ویڈیو پر بھی تنقید کی، جس میں ایکٹن کی والدہ انہیں جھوٹا قرار دیتی دکھائی دیتی ہیں۔ اوباما کے مطابق اس تشہیری مواد میں اس حقیقت کا ذکر نہیں کیا گیا کہ ایکٹن کے بچپن میں ان کے والد کے خلاف ان کی عصمت دری کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

ادھر ایکٹن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راماسوامی پر الزام لگایا کہ وہ اپنی کمزور ہوتی انتخابی مہم کو سہارا دینے کے لیے ان کے بچپن کے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں فیصلہ ہوگا کہ کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ پر کس جماعت کا کنٹرول ہوگا۔ یہ انتخابات ٹرمپ کی باقی صدارتی مدت کے دوران ان کی قانون سازی اور حکومتی پالیسیوں پر اثرانداز ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button