فرانس میں احتجاج، جھڑپوں کے دوران تقریباً ایک ہزار افراد گرفتار

فرانسیسی حکام کے مطابق ہفتے کے روز ملک بھر میں لاکھوں افراد نے احتجاج کیا۔ وزارت داخلہ نے مظاہرین کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار بتائی، جبکہ مزدور یونینوں کے مطابق مظاہروں میں 8 لاکھ افراد شریک ہوئے۔

پُرامن مظاہروں کے اختتام پر پیرس سمیت متعدد شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ مارسیلے میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں آگ لگا دی گئی۔ بورڈو میں بعض مظاہرین نے دکانوں اور عمارتوں کے تختے اکھاڑ دیے۔
فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز نے کہا کہ مظاہرے کے آخری حصے میں کئی ہزار شدت پسند کارکن جمع ہوگئے تھے، جن میں تقریباً 500 افراد کی شناخت ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے طور پر کی گئی۔ وزیر داخلہ کے مطابق گرفتار افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ جھڑپوں کے دوران دو افراد شدید زخمی ہوئے، ایک جنوب مغربی شہر تولوز اور دوسرا وسطی فرانس کے شہر کلیرمون فیران میں زخمی ہوا۔
مظاہروں کے پیش نظر ملک بھر میں تقریباً 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ صدر ایمانوئل میکرون نے رواں ہفتے ہدایت دی تھی کہ صرف تسلیم شدہ مزدور یونینوں کے زیر اہتمام مظاہروں کی اجازت ہوگی۔
پیرس میں پورٹ دی اٹالی سے پورٹ دی ونسین تک نکالی گئی ریلی ابتدا میں پُرامن رہی، تاہم اختتام پر نقاب پوش نوجوانوں نے پولیس پر اشیا پھینکیں اور ایک کار ڈیلرشپ کی کھڑکیاں توڑ دیں۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔
مارسیلے میں کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی اور سڑکیں بند کرنے کے لیے دھاتی چادریں استعمال کی گئیں، جبکہ لیون میں پولیس نے آنسو گیس کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کیا۔
مظاہرین نے مہنگائی، بھاری ٹیکسوں، غربت اور پولیس کے مبینہ تشدد پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ ایک نوجوان مظاہرین نے کہا کہ احتجاج اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک حکومت ان کے مطالبات کا جواب نہیں دیتی۔
دوسری جانب وسطی شمالی شہر اورلیاں میں دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کے خلاف تقریباً 13 ہزار افراد نے پُرامن مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے فرانس میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے تھے، جن کے بعد ہونے والے ہنگاموں میں 2,500 سے زائد افراد گرفتار ہوئے۔ تشدد، لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد دکانیں اور کاروباری مراکز متاثر ہوئے، جبکہ نقصان کا تخمینہ کروڑوں یورو لگایا گیا۔
فرانس میں جاری احتجاج ایسے وقت میں شدت اختیار کرگیا ہے جب ملک میں صدارتی انتخابات تقریباً چھ ماہ بعد ہونے والے ہیں اور سیاسی رہنما موجودہ صورت حال کی ذمہ داری صدر میکرون اور ان کی حکومت پر عائد کررہے ہیں۔



