latest newsPoliticsWorld

ایران کے صدر کا امریکا پر عبوری معاہدہ ناکام بنانے کا الزام، حوثیوں کے سعودی عرب میں تیل تنصیبات اور ہوائی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ

دبئی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو ایران کے ساتھ عبوری معاہدے کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے دوبارہ کوشش کی جانی چاہیے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر ہفتے کے روز نشر ہونے والے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری تھے، لیکن امریکیوں نے سب کچھ بگاڑ دیا۔ اس کے باوجود ان کا خیال ہے کہ مذاکرات دوبارہ شروع کرکے معاہدہ مکمل کرنا چاہیے۔

دوسری جانب یمن کے ایران نواز حوثی گروپ نے ہفتے کے روز سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جھڑپوں میں بھی شدت آگئی ہے۔

حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق گروپ نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ینبع میں آرامکو کی تنصیب، رابغ آئل ریفائنری، خام تیل کی پائپ لائن اور تیل پمپ کرنے والے اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نجران کے ایک ہوائی اڈے اور خمیس مشیط میں ایک فضائی اڈے کو بھی حملوں کا ہدف بنایا گیا۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے اس سے قبل کہا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے ینبع اور طائف کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کردیے گئے ہیں۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق تباہ کیے گئے میزائلوں کا ملبہ مکہ اور مدینہ کے علاقوں میں گرا، جبکہ جدہ، طائف اور رابغ میں بھی ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ملبہ گرنے کے واقعات رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کی کوشش سے متعلق تھے۔

بعدازاں حوثیوں نے مکہ اور مدینہ پر حملے کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارروائیوں کا ہدف سعودی عرب کی تیل تنصیبات اور فوجی اڈے ہیں۔

دوسری جانب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے الزام عائد کیا کہ حوثیوں نے جنوبی بندرگاہی شہر عدن میں کوسٹ گارڈ کے مقامات پر تین بیلسٹک میزائل داغے۔

یمن کی وزارت داخلہ کے مطابق دو میزائل کوسٹ گارڈ کے ہیڈکوارٹرز پر گرے، جبکہ تیسرا میزائل التواہی ضلع میں کوسٹ گارڈ کی ایک عمارت سے ٹکرایا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ ان کے جنگجوؤں نے عدن میں النصر کیمپ اور ایک بحری اڈے پر سعودی حمایت یافتہ فوجی دستوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق وہاں سعودی افسران فوجی نقل و حرکت کی نگرانی کررہے تھے۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے اس دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

سعودی سول ڈیفنس نے ہفتے کے روز طائف، ینبع، مکہ اور جدہ کے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق مختصر وقت کے لیے الرٹ جاری کیے، تاہم تقریباً 10 منٹ بعد ادارے نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

حوثیوں اور سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے درمیان تازہ لڑائی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی کو شدید متاثر کیا ہے۔ اس جنگ بندی کے نتیجے میں سرحد پار حملوں میں بڑی حد تک کمی آگئی تھی۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد یمن کی تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی دارالحکومت صنعاء سمیت ملک کے بڑے حصے پر قابض ہیں۔

خطے میں لڑائی کی تازہ شدت نے ایران کے خلاف جاری امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں تنازعے کا ایک اور محاذ کھول دیا ہے۔ تاہم سعودی عرب میں رپورٹ ہونے والے حملوں کے اہداف کو پہنچنے والے نقصان اور میزائلوں کو روکنے کی مجموعی صورت حال فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button