ایران جنگ اور مہنگائی ٹرمپ کے لیے سیاسی چیلنج، ریپبلکنز کو کانگریس کا کنٹرول کھونے کا خدشہ

امریکی انتخابات میں عموماً معیشت ووٹروں کی ترجیحات کا بنیادی محرک ہوتی ہے، جبکہ خارجہ پالیسی کا کردار نسبتاً محدود رہتا ہے۔ تاہم ایران کے خلاف ٹرمپ کی جنگ اور وسیع پیمانے پر عائد کردہ محصولات کے باعث امریکی شہریوں کے اخراجات میں اضافے نے خارجہ پالیسی کو بھی براہِ راست معاشی مسئلہ بنا دیا ہے۔
3 نومبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل سامنے آنے والے ایک رائٹرز/اِپسوس سروے کے مطابق تقریباً 78 فیصد امریکیوں نے بڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار ٹرمپ کی پالیسیوں کو قرار دیا۔ سروے میں مہنگائی اور آمدنی میں اضافے کی رفتار کے درمیان فرق کو بھی عوامی تشویش کا اہم پہلو قرار دیا گیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق 2006 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی امریکی صدر کی بین الاقوامی پالیسیوں کا اثر وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر اس قدر نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔ 2006 میں صدر جارج ڈبلیو بش کی عراق جنگ سے متعلق غیر مقبول پالیسیوں کے دوران ریپبلکنز کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت کھو بیٹھے تھے۔
واشنگٹن کے اسٹمسن سینٹر کے سینئر فیلو کرسٹوفر پریبل کے مطابق امریکی ووٹرز ٹرمپ کی جنگ اور دیگر پالیسیوں کے معاشی اثرات محسوس کررہے ہیں اور انتخابات میں انہیں اپنی ناراضی کے اظہار کا موقع ملے گا۔
انتخابات سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے ایندھن کی قیمتیں کم کرنے کے لیے روسی ڈیزل کی برآمدات پر عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اس اقدام پر ناقدین، جن میں بعض ریپبلکن رہنما بھی شامل ہیں، نے اعتراض کیا کہ اس سے یوکرین جنگ میں روس کے حوالے سے ٹرمپ کے مؤقف پر سوالات اٹھتے ہیں۔
ٹرمپ نے یوکرین پر بھی دباؤ ڈالا کہ وہ روسی آئل ریفائنریوں پر حملے روک دے۔ دوسری جانب ماہرین کے مطابق امریکا میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ ہے، جو تقریباً آٹھ ماہ قبل شروع ہوئی تھی۔
صدر ٹرمپ نے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر کوئی نیا حملہ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق امریکا اور اسرائیل انتخابات کے بعد جنگ میں بڑے پیمانے پر اضافے کے امکان کی تیاری کررہے ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق امریکیوں کی اکثریت ایران کے خلاف جنگ کی مخالف ہے۔ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران بیرونِ ملک نئی جنگوں میں ملوث نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا تھا، تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے امریکی شہریوں کو عارضی طور پر زیادہ قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔ اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے اور امریکی انٹیلی جنس اداروں کے جائزوں کے مطابق تہران نے 2003 میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا ایک پروگرام بند کردیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے رائٹرز کو بتایا کہ تہران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کے نئے طریقے استعمال کرکے تیل کی قیمتیں بلند رکھنے اور امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کو سیاسی نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ ایرانی حکام سفارتی تعطل کو بھی طول دینا چاہتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان میٹ مڈلٹن نے انتظامیہ کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران تنازع کے باعث منڈیوں میں عارضی اتار چڑھاؤ کے بارے میں ہمیشہ واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کے مطابق ٹرمپ کی معاشی کارکردگی اور ڈیموکریٹس کے متبادل معاشی منصوبے میں نمایاں فرق ہے۔
ادھر بعض ریپبلکن امیدواروں نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ، کینیڈا کے ساتھ تجارتی تنازع اور یوکرین پر دباؤ سمیت مختلف معاملات پر ٹرمپ سے اختلاف بھی ظاہر کیا ہے۔
شکاگو کونسل آن گلوبل افیئرز کے ایک ملک گیر سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت کا خیال ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے خارجہ پالیسی اقدامات سے امریکا کی عالمی ساکھ اور ملکی و گھریلو معاشی حالات متاثر ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ سال وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد ٹرمپ نے دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکا کی قیادت میں قائم ہونے والے عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ اس دوران اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات میں تناؤ بڑھا اور امریکی طاقت کی حدود بھی زیادہ واضح ہوئیں۔
موجودہ رائے عامہ کے جائزوں میں ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ سینیٹ کا کنٹرول بھی مقابلے میں آچکا ہے۔ اگر ریپبلکنز کانگریس کے کسی ایک ایوان میں بھی اکثریت کھو دیتے ہیں تو ٹرمپ کے لیے اپنی باقی دو سالہ مدت میں قانون سازی اور حکومتی ایجنڈے پر عمل درآمد مشکل ہوسکتا ہے۔
تاہم کانگریس میں طاقت کا توازن تبدیل ہونے کے باوجود صدر کے خارجہ پالیسی سے متعلق اختیارات پر مکمل پابندی لگانا آسان نہیں ہوگا۔
واشنگٹن کے سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے جون آلٹر مین کے مطابق، بعض صدور جب اندرونِ ملک سیاسی دباؤ محسوس کرتے ہیں تو خارجہ پالیسی وہ شعبہ بن جاتی ہے جہاں انہیں نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بعد ٹرمپ ایران، روس، چین اور کیوبا جیسے ممالک کے بارے میں اپنی پالیسیوں میں مزید سختی لاسکتے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ رویہ تبدیل کرسکتے ہیں یا خارجہ امور سے توجہ ہٹا کر وائٹ ہاؤس کے مجوزہ بال روم جیسے تعمیراتی منصوبوں پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں۔
سیاسی صورت حال کا اہم پہلو یہ ہے کہ 3 نومبر کے انتخابات صرف کانگریس میں جماعتی اکثریت کا فیصلہ نہیں کریں گے بلکہ یہ بھی ظاہر کریں گے کہ امریکی ووٹرز ایران جنگ، تجارتی محصولات اور بڑھتے گھریلو اخراجات کے بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔



