یوکرینی ڈرون حملوں کا خطرہ، ماسکو کے چاروں بڑے ایئرپورٹس پر پروازیں معطل
175 پروازیں منسوخ، 630 تاخیر کا شکار؛ دبئی سے آنے والے ایمریٹس کے ایئربس اے 380 کو دو گھنٹے فضا میں چکر لگانا پڑے

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو پر یوکرینی ڈرون حملوں کے خطرے کے باعث جمعہ کو فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا، جبکہ روسی ایوی ایشن حکام نے شہر کے چاروں بڑے ایئرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی۔
حملوں سے متعلق وارننگ کے بعد ماسکو کی فضائی حدود میں پروازوں کی سرگرمیاں محدود ہوگئیں اور بیشتر وقت فضا میں طیاروں کی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر رہی۔ حکام نے درجنوں طیاروں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا، جبکہ تقریباً 175 پروازیں منسوخ اور 630 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اس صورت حال کے دوران دبئی سے ماسکو آنے والی ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 133 کو ڈومودیڈوو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ مل سکی۔ دنیا کے سب سے بڑے مسافر طیاروں میں شامل ایئربس اے 380 کو تقریباً دو گھنٹے تک فضا میں ہولڈ پر رہنا پڑا اور وہ مسلسل چکر لگاتا رہا۔
رپورٹ کے مطابق طیارے کے دو گھنٹے تک فضا میں رہنے کے دوران تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال ہوا، جس سے ایئرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق اس ایک پرواز پر اضافی خرچ تقریباً ایک کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب شیریمیتیوو ایئرپورٹ پر مسافروں کو طیاروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
ڈرون حملوں کے خدشے کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال سے ماسکو کا فضائی آپریشن رات گئے تک شدید متاثر رہا، جبکہ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



