نیویارک ایئرپورٹ پر نسل پرستانہ گالیاں دینے اور ہنگامہ آرائی پر 60 سالہ مسافر گرفتار
ڈیلٹا ایئرلائنز کی اٹلانٹا جانے والی پرواز 45 منٹ تاخیر کا شکار، گرفتار شخص پر حملے، مزاحمت اور سرکاری کام میں مداخلت سمیت متعدد الزامات عائد

نیویارک: امریکا کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر ڈیلٹا ائیر لائنز کی اٹلانٹا جانے والی پرواز سے ایک 60 سالہ مسافر کو نشے کی حالت میں نسل پرستانہ گالیاں دینے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز میں 160 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ روانگی کے وقت بروکلین سے تعلق رکھنے والے اس مسافر نے اچانک فحش زبان استعمال کرنا اور نسل پرستانہ گالیاں دینا شروع کر دیں۔ اس ہنگامہ آرائی کے باعث پرواز کی روانگی میں تقریباً 45 منٹ کی تاخیر ہوئی، جس سے مسافروں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔
عملے نے مسافر کو روکنے کی کوشش کی تو اس کا رویہ مزید جارحانہ ہو گیا، صورتحال کے پیشِ نظر ائیرپورٹ اتھارٹی نے پولیس کو طلب کیا جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو طیارے سے آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار مسافر پر ایک اور مسافر پر حملے، بدتمیزی، پرواز کے شیڈول میں خلل ڈالنے، گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔



