بھگونت مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت، پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار

چندی گڑھ: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں 27 نومبر کو منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بھگونت مان نے بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور ان کی میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔
بھگونت مان نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بیرونِ ملک سفر کے لیے درکار اجازت ناموں اور پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارتی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟
انہوں نے کہا کہ عالمی پنجابی کانفرنس 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہو رہی ہے اور منتظمین نے انہیں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ثقافت ایک ہے اور ہمارے شاعر سمیت دیگر لوگ لاہور جائیں گے، اس لیے وہ بھی وہاں جانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے وزیراعلیٰ بھگونت مان سے کہا کہ اگر انہیں پاکستان جانے کی اجازت مل جائے تو وہ انہیں بھی اپنے ساتھ لے جائیں۔
اس پر بھگونت مان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سب مل کر کرتارپور جائیں۔
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے اس بیان نے دونوں جانب مشترکہ پنجابی ثقافت، زبان، ادب اور تاریخی مقامات سے وابستگی کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔ تاہم لاہور میں ہونے والی کانفرنس میں ان کی شرکت کا انحصار متعلقہ حکام کی اجازت پر ہوگا۔



